’انوکھا واقعہ‘، جب مکڑی نے برطانوی خاتون کے کان میں ’جالا‘ بُن دیا
جمعرات 28 دسمبر 2023 20:53
کان سے مکڑی کے نکلنے کے باجود خاتون نے بتایا کہ اُن کی قوت سماعت متاثر ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں مکڑی نے ایک خاتون کے کان میں جالا بُن دیا۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق لُوسی وائلڈ نامی کانٹینٹ کری ایٹر اور پارٹ ٹائم ٹیچر کو کان میں خارش محسوس ہونے کے ساتھ ساتھ خراش کی آوازیں سنائی دیں جسے انہوں نے کان کا ویکسین سمجھا۔
لُوسی وائلڈ کو تشویش اُس وقت لاحق ہوئی جب پورا دن اُنہیں خارش کے ساتھ کان میں آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
اس واقعے کے بعد خاتون نے کان صاف کرنے والے جدید سمارٹ بڈ این الیکٹرانک ایئر کی مدد سے کان کو دیکھا جہاں انہیں پتا چلا اُن کے کان میں ایک مکڑی گھسی ہوئی ہے۔
29 برس کی لُوسی وائلڈ کہتی ہیں کہ ’مجھے اس بات کی بہت الجھن تھی کہ مکڑی کان میں کیسے گھسی۔‘
تین بچوں کی والدہ نے ایمرجنسی نمبر پر کال کر کے مدد طلب کی۔
اس بارے میں انہوں نے کہا کہ ’میں مکڑی کو کان سے نکالنے کی کوشش کرتی رہی۔ ہم نے 111 (ایمرجنسی نمبر) پر کال کی اور کان میں زیتون کا گرم تیل ڈالا اور مکڑی کو باہر نکالا۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’مکڑی تیل میں جکڑی ہوئی تھی اور اُس کا سائز تقریبا ایک سینٹی میٹر تھا۔‘
کان سے مکڑی کے نکلنے کے باجود خاتون نے بتایا کہ اُن کے کان سے خون بہا اور اُن کی قوت سماعت متاثر ہوئی۔
اسی دوران خاتون کو کچھ عرصہ بعد ایک مرتبہ پھر سے کان میں درد محسوس ہوا، جس کے بعد انہوں نے اپنے کان کا معائنہ سمارٹ بڈ سے کیا۔
اس کے بعد لُوسی وائلڈ کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ اُن کے کان میں مکڑی کا جالا بُنا ہوا ہے۔
خیال رہے ڈاکٹروں کی جانب سے خاتون کے کان کو صاف کر دیا گیا ہے تاہم وہ ابھی بھی اس واقعے کے باعث سہم جاتی ہیں۔