بین الاقوامی کھجور کانفرنس میں 25 معاہدے، مینوفیکچرنگ منصوبوں کا اعلان
علی بابا گروپ کے ساتھ بھی ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی بین الاقوامی کھجور کانفرنس اور نمائش میں 25 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں کھجوروں کے قومی مرکز کے زیر اہتمام کانفرنس میں مینوفیکچرنگ فیسیلیٹی کےلیے 200 ملین ریال اور سروس سینٹرکے قیام کے لیے70 ملین ریال کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کھجوریں اوران کی مصنوعات فروخت کرنے والی21 کمپنیوں نے چین اور دیگر ملکوں کو کھجور برآمد کرنے کے لیےعلی بابا گروپ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
خلاص کھجور پیکیجنگ کمپنی نے جرمن کمپنی کے ساتھ 16 ملین ریال کے معاہدے پر دستخط کیے اور امریکہ میں گلیکسی فوڈز کمپنی کے ساتھ 7.5 ملین ریال کا ایک اورمعاہدہ کیا۔
کھجوروں کے قومی مرکز نے کنگ سعود یونیورسٹی اور بائی پالما ایسوسی ایشن کے ساتھ 5 سے 14 دسمبر تک اس کانفرنس کا اہتمام کیا۔
سعودی عرب اور دنیا بھر سے ایک ہزار300 سے زیادہ افراد نے انڈسٹری کی ترقی، اس شعبے کو درپیش چیلنجوں اور مواقع پر تبادلہ خیال کے لیے شرکت کی۔
کانفرنس کے موقع پر کھجور انڈسٹری میں مملکت کے اہم کردار کو اجاگر کرنے والی نمائش ’کھجور کی دنیا‘ نے 93 ہزار سے زیادہ وزیٹرز کو راغب کیا۔
سعودی عرب دنیا میں کھجوریں برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ 36 ملین سے زیادہ کھجور کے درختوں سے ہر سال 116 ملکوں کو برآمد کی جانے والی کھجوریں ایک اندازے کے مطابق 1600 ملین ٹن ہیں۔