مدینہ میں جدید خطوط پر کھجور فیکٹری کے قیام کا معاہدہ
مدینہ میں جدید خطوط پر کھجور فیکٹری کے قیام کا معاہدہ
جمعرات 21 دسمبر 2023 19:28
مملکت میں کھجور کے 34 ملین درخت ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
بپلک انوسیٹمنٹ فنڈ کے تعاون سہ قائم کی گئی کمپنی ’ تراث المدینہ ‘ اور ’مدن‘ کے مابین مدینہ منورہ میں بڑے پیمانے پرکھجور کی مصنوعات کو فروغ دینے کےلیے فیکٹری قائم کرنے کا معاہدہ کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پرڈپٹی گورنرمدینہ منورہ شہزادہ سعود بن خالد بن فیصل بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی صنعتی و ترقیاتی اتھارٹی ’مدن‘ کی جانب سے کھجوروں کی صنعت سے وابستہ معروف کمپنی ’تراث المدینہ‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ’مدن‘ کی جانب سے کھجوروں کی صنعت کے لیے معروف کمپنی تراث المدینہ کو فیکٹری قائم کرنے کےلیے بڑی جگہ فراہم کی جائے گی۔
تراث المدینہ کمپنی کے سی ای او بندر القحطانی نے بتایا کہ ’مدن ‘ کے ساتھ معاہدے کے بعد فیکٹری کی تعمیر پرفوری طورپرکام شروع کردیا جائے گا۔ فیکٹری کی تعمیر جدید خطوط پرکی جائے گی۔
سی ای او کا مزید کہنا تھاکہ فیکٹری میں خاص طورپر مشہور زمانہ ’عجوہ ‘ کھجور کی مختلف اقسام کی مصنوعات تیار کی جائیں گی علاوہ ازیں مدینہ منورہ سمیت دیگر علاقوں کی کھجوروں کو بھی فیکٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔
بپلک انوسیٹمنٹ فنڈ کی جانب سے گزشتہ ستمبر میں کھجوروں کی صنعت کے حوالے سے ’تراث المدینہ ‘ کے نام سے کمپنی کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کھجور کے حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس وقت مملکت کے مختلف علاقوں میں 34 ملین کھجور کے درخت ہیں جن سے سالانہ 3.1 ملین کھجور کی پیداوار ہوتی ہے۔