Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے تھرپارکر، بدین اور سبی میں فوڈ باسکٹس تقسیم

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 13 ہزار 475 افراد مستفید ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات  نے سال 2024 کےلیے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ منصوبے کے تیسرے مرحلے پر عملدرآمد کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، بدین اور بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک ہزار 925 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔
اس امداد سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی کمزور طبقات کے 13 ہزار 475 افراد مستفید ہوئے۔
یہ پروگرام سعودی عرب کی جانب سے دنیا بھر میں ضرورت مند لوگوں اور ممالک کی مدد کےلیے فراہم کی جانے ولی امدادی کوششوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔


فوڈ سیکیورٹی سپورٹ منصوبے کے تیسرے مرحلے پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

2015 میں اپنے آغاز سے لے کر شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے 173 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے 94 ممالک میں6.4 ارب ڈالر مالیت کے دو ہزار 625 منصوبوں پرعمل درآمد کیا ہے۔
کنگ سلمان سنٹر کی جانب سے دی جانے والی امداد سے مستفید ہونے والے ممالک میں اب تک یمن کے لیے 4.3 بلین، فلسطین کے لیے370 ملین، شام کے لیے384 ملین اور صومالیہ کے لیے 227 ملین ڈالر کے پروجیکٹس لگائے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی انسانی، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیاں دنیا کے تمام ضرورت مند ممالک بشمول عرب اور اسلامی ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔
دنیا بھر کے 54 ممالک میں کنگ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹرکی جانب سے1,367 پروجیکٹس اور پروگرام کے تحت امدادی کام سرانجام دئیے جا رہے ہیں۔

شیئر: