عجمان پولیس نے لاپتہ بچی کو والدین سے ملوا دیا
ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں بچی کو اس کے گھر پہنچا دیا گیا۔ (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں عجمان پولیس نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک 9 سالہ بچی کو اس کے والدین سے ملوا دیا۔ ذہنی معذور بچی گھر والوں سے بچھڑ گئی تھی۔
امارات الیوم کے مطابق عجمان پولیس کے چیف کرنل غیث خلیفہ الکعبی نے بتایا کہ رات کے وقت الراشدیہ کے علاقے میں گشت پر مامور پولیس ٹیم کو تنہا بچی دکھائی دی جو رو رہی تھی۔
پولیس اہلکاروں نے بچی کو تسلی دی اور اسے پولیس سٹیشن لے گئے جہاں بچی کے اہل خانہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی مگر کہیں سے کوئی اطلاع نہ ملنے پر سماجی مرکز سے رابطہ کیا گیا۔
سماجی مرکز کی ٹیموں نے بچی کے اہل خانہ کو تلاش کر لیا اور ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں بچی کو اس کے گھر پہنچا دیا گیا۔