قطر سعودی عرب کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے، کابینہ
ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں پیر کو جدہ کے قصر السلام میں کابینہ کااجلاس ہوا۔ کابینہ نے قطر کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات منقطع کرنے پر کہا کہ یہ فیصلہ عالمی قوانین کے مطابق سعودی عرب کو اپنے سرزمین پر حاصل ہونے والی خود مختاری کے تحت کیا گیا ہے۔ دوحہ گزشتہ برسوں کے دوران متعدد سازشوں سے ملوث رہ چکا ہے۔ ان سازشوں کا مقصد سعودی عرب کے امن وسلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لئے کی جاتی رہی ہیں۔قطر نے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کرکے پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈالا ہوا ہے۔ سعودی عرب یقین دلاتا ہے کہ وہ قطری عوام کا پشت بان اور ہمدرد رہے گا اور قطری انتظامیہ کی دشمنانہ پالیسیوں کے باوجود قطر کے امن واستحکام کا خواہش مند ہے۔