Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیہ ایئر کی عازمین حج کے لیے اضافی خدمات 

ابتدائی طورپر 10 ہزار عازمین کے لیے منظوری جاری کی گئی ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
السعودیہ گروپ کے ماتحت السعودیہ حج و عمرہ کمپنی رواں برس سے  مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دس ہزار حاجیوں کی خدمت کرے گی۔
اخبار 24 کے مطابق السعودیہ حج و عمرہ کمپنی کو وزارت حج و عمرہ نے حجاج کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے لائسنس جاری کردیا ہے۔ 
السعودیہ کمپنی مملکت  کے داخلی اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حج کے لیے آنے والوں کے استقبال سے لے کر انہیں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں رہائش اور کھانے پینے تک کی سہولیات فراہم کرے گی۔ 
علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ اور مختلف شہروں کے درمیان آمد ورفت کے لیے ٹرانسپورٹ سروس بھی پیش کرے گی۔ 
السعودیہ گروپ میں ابلاغی امور اور رابطہ جات کے ڈائریکٹر انجینیئر عبداللہ الشھرانی نے کہا ہے کہ السعودیہ  ان پندرہ کمپنیوں میں سے ایک ہے جنہیں اس سال حجاج کی خدمت کے لیے پرمٹ جاری ہوئے ہیں۔ 
الشھرانی نے جدہ میں حج و عمرہ خدمات کانفرنس و نمائش  میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے تمام قوانین و ضوابط جاری نہیں ہوئے ہیں۔ اصولی فیصلہ ہوگیا ہے کہ حجاج کی خدمت بین الاقوامی سطح پر ہوگی۔ 
الشھرانی نے کہا کہ اندرون مملکت سے حج کرنے والوں کو پیش کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔ 
الشھرانی نے کہا کہ السعودیہ تقریبا 80 برس قبل قائم ہوئی تھی۔ حجاج کی خدمت کے حوالے سے اسے لائسنس کا اجرا تاریخی عمل ہے۔ 
الشھرانی کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کو طیارے سے باہر بھی ویسی ہی معیاری خدمات فراہم ہوں گی جیسی  انہیں طیارے کے اندر پیش کی جاتی ہیں۔ 
یاد رہے کہ السعودیہ گروپ نے حال ہی میں السعودیہ حج و عمرہ کمپنی لانچ کی ہے جو حج و عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی جملہ سہولیات اور پیکیج فراہم کرے گی۔  

شیئر: