’انتخابی مہم میں بے شمار چیلنجز‘، الیکشن ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد جمع
اتوار 14 جنوری 2024 12:49
جمعے کو سینیٹر ہدایت اللہ نے تین ماہ کے لیے الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد جمع کرائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کروانے کے لیے ایک اور قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔
اتوار کو سینیٹر ہلال الرحمان نے قرارداد جمع کرائی ہے جو قبائلی ضلع مہمند سے آزاد سینیٹر ہیں۔
سینیٹر ہلال الرحمان نے اپنی قرارداد میں کہا کہ ’ملک بھر میں شدید سردی اور برفباری بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا میں امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور شہریوں کے ووٹ ڈالنے کے لیے سازگار ماحول نہیں ہے۔‘
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امیدواروں کو دہشت گرد حملوں کا شدید خطرہ لاحق ہے اور انتخابی عمل میں فعال شرکت میں مسلسل رکاوٹوں کا سبب ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام اور امیدواروں میں اس حوالے سے احساس محرومی اور خاص طور پر سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے امیدوارو سکیورٹی مسائل سے متاثر ہو رہے ہیں۔
سینیٹ سیکریٹیریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’ایوان بالا، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ عام انتخابات کو آٹھ فروری کے بجائے ایسی موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے جو تمام شراکت داروں کے لیے قابل قبول ہو۔‘
دو دن قبل جمعے کو آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے ملک میں امن و امان کی خراب صورت حال کو جواز بناتے ہوئے الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ سیکریٹیریٹ میں جمع کرائی تھی۔
جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ’امیدواروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش ہے۔ سکیورٹی مسائل کے پیش نظر عام انتخابات تین ماہ کے لیے ملتوی کیے جائیں۔‘
قرادادا میں الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر زور دیا گیا کہ وہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر ہمدردانہ غور کریں۔
اس سے قبل 5 جنوری کو آزاد سینیٹر دلاور خان نے ملک میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ’ملک میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں اس لیے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کیے جائیں۔‘
تاہم اس کے بعد چھ جنوری کو جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے بروقت انتخابات اور التوا کے خلاف نئی قراردار سینیٹ سیکریٹیریٹ میں جمع کرائی تھی۔