Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چینک، مور، شوز‘، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدواروں کو نشان جاری کر دیے

پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو انتخابی نشان جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بحیثیت آزاد امیدواروں کو بھی انتخابی نشان الاٹ کیے گئے ہیں۔
الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں میں مسلم لیگ ن کو شیر، پیپلزپارٹی کو تیر، جماعت اسلامی کو ترازو، استحکام پاکستان کو عقاب، مرکزی مسلم لیگ کو کرسی جبکہ تحریک لبیک کے امیدواروں کو کرین کا نشان جاری کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی بطور آزاد امیدوار خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10 پر چینک کے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیں گے۔
لاہور سے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو لیپ ٹاپ کا انتخابی نشان دیا گیا ہے جبکہ وکیل سلمان اکرم راجہ کو ریکٹ، افضل عظیم کو ریڈیو، ضمیر ایڈووکیٹ کو ڈولفن، ظہیر عباس کو کلاک اور میاں اظہر وکٹ کے نشان کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
پشاور سے تحریک انصاف کی امیدوار شاندانہ گلزار کو پیالہ الاٹ کیا گیا ہے، جبکہ محمود جان کو گھڑیال، سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو وایلن، سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کو ٹیبل، ارباب شیر علی کو ٹریفک لائٹ، آصف خان کو ہتھ گاڑی، علی زمان کو مور، ایڈووکیٹ شہاب خان کو پیالہ، شیر علی آفریدی کو گھڑیال، نورین عارف کو فاختہ اور مینا خان آفریدی انتحابی نشان صوفے کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔
کراچی سے تحریک انصاف کے امیدوار حلیم عادل شیخ کو ٹیبل ٹینس بال، عالمگیرخان کو بینگن، یاسربلوچ کو ڈھول، خرم  شیر زمان کو ڈھول، آفتاب جہانگیر کو کرکٹ سٹیمپ، عطاءاللہ خان کو ریکٹ، ملک عارف اعوان کو ریکٹ جبکہ ارسلان خالد کو الفابیٹ ’پی‘ کا نشان دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو انتخابی نشان جاری کر دیے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس اسلام آباد کی جانب سے بھی تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے مجموعی طور پر 119 امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سے اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 سے شعیب شاہین کو انتخابی نشان شوز الاٹ کیا گیا ہے، این اے 47 سے عامر مغل کو پیالہ جبکہ این اے 48 سے علی بخاری بطور آزاد امیدوار پیراشوٹ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
این اے 46 میں مجموعی طور پر 44 امیدوار میدان میں اتریں گے جبکہ 29 امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ 16 جماعتوں کے امیدوار بھی این اے 46 میں قسمت آزمائی کریں گے۔
این اے 47 سے مجموعی طور پر 37 امیدوار میدان میں اتریں گے جبکہ اسی حلقے سے 25 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ 12 مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی این اے 47 سے میدان میں اتریں گے۔
این اے 47 سے  پیپلز پارٹی کے سابق رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر آزاد امیدوار کے طور پر کلاک کے انتخابی نشان پر میدان میں اتریں گے۔
این اے 48 میں مجموعی طور پر 38 امیدوار میدان میں اتریں گے جبکہ 27 امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ 11 جماعتوں کے امیدوار بھی این اے 48 میں قسمت آزمائی کریں گے۔

شیئر: