Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی وزیر خارجہ کے برطانیہ اور اسرائیل کے ہم منصب سے رابطے، غزہ کی صورتحال پر گفتگو 

خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور امن عمل کے لیے کوشاں ہیں ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے برطانیہ و اسرائیل کے وزرائے خارجہ اور غزہ میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار برائے انسانی امور سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ 
 امارات کے سرکاری خبررساں ادارے  وام کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید نے مشرق وسطی کی تازہ صورتحال اور علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی پر اس کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ 
 غزہ میں شہریوں کے حالات کو مزید خراب ہونے سے روکنے اور غزہ متاثرین کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی اہمیت پربھی بات چیت کی گئی۔ 
اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ امارات خطے میں بڑھتے ہوئے تشدد، کشیدگی اور انتہا پسندی  کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون چاہتا ہے۔ خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور امن عمل کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ’ ہماری فوری ترجیح تشدد کا خاتمہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تمام شہریوں کی جانوں کی سلامتی ہے۔‘
’ شہری کشیدگی میں ہدف نہ بنیں جبکہ تمام یرغمالیوں کی رہائی بھی ضروری ہے۔‘ 
شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا تھا’ امارات غزہ میں اقوام متحدہ کے رابطہ کاروں کی کاوشوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ خواہش ہے اقوام متحدہ کے ساتھ ہر سطح ہر تعاون ہو تاکہ غزہ میں انسانی بحران سے بچنے کی ہر ممکن کوشش ہوسکے۔‘ 
اماراتی وزیر خارجہ نے مزید کہا ’غزہ کے باشندوں کی فوری ضروریات کی فراہمی، کسی رکاوٹ کے بغیر مستقل بنیادوں پر محفوظ طریقے سے طبی امداد اور بنیادی ضرورت کا سامان پہنچانے کے لیے راہداریوں کا انتظام اولین ترجیح ہے۔‘

شیئر: