انتخابی نشانات کی بار بار تبدیلی سے الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ ہے: الیکشن کمیشن
انتخابی نشانات کی بار بار تبدیلی سے الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ ہے: الیکشن کمیشن
منگل 16 جنوری 2024 20:07
’انتخابی نشانات کی تبدیلی کا سلسلہ نہ رُکا تو ایسے حلقوں میں الیکشن ملتوی کرنا پڑے گا‘ (فائل فوٹو: الیکشن کمیشن ویب سائٹ)
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہونے کے بعد مختلف فورمز سے انہیں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
’الیکشن کمیشن انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے بعد تینوں پرنٹنگ کارپوریشنز کوبیلٹ پیپرز کی چھپائی کا آرڈر دے چکا ہے اور پرنٹنگ کا کام شروع بھی ہو گیا ہے۔‘
منگل کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ’اگر انتخابی نشانات کی تبدیلی کا عمل اسی طرح جاری رہا تو اس سے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔‘
’نشانات کی بار بار تبدیلی سے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھپوانا پڑیں گے جس کے لیے وقت پہلے ہی محدود ہے اور دوسری جانب بیلٹ پیپرز کے لیے موجود سپیشل کاغذ بھی ضائع ہو جائے گا۔‘
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’2018 کے انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے 800 ٹن کاغذ استعمال ہوا تھا جبکہ 2024 کے انتخابات میں 2070 ٹن کاغذ استعمال ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔‘
’سنہ 2018 کے انتخابات میں 11 ہزار 700 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جبکہ اس بار 18 ہزار 59 امیدوار میدان میں ہیں۔‘
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ ’2018 میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے تھے جبکہ اس بار 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپوائے جا رہے ہیں۔‘
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک اجلاس بھی بلا رہا ہے جس میں اس صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا کہ اس سے کیسے نبردآزما ہوا جائے۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’اجلاس میں یہ بات بھی زیرِغور آئے گی کہ کمیشن کی طرف سے انتخابی نشانات بار بار تبدیل کرنے کی جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر کیسے عمل درآمد کروایا جائے۔‘
’اس تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ اگر انتخابی نشانات کو تبدیل کرنے کا یہ سلسلہ نہ رکا تو ایسے انتخابی حلقوں میں الیکشن ملتوی کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا۔‘
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کا استعفیٰ منظور، ڈاکٹر سید آصف حسین نئے سیکریٹری مقرر
الیکشن کمیشن میں اعلٰی سطح پر تقرر اور تبادلے کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے سپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر سید آصف حسین کو ایک سال کے لیے نیا سیکریٹری الیکشن کمیشن مقرر کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’سعید گل ڈی جی الیکشن سیل الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد تعینات کیے گئے ہیں۔‘
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان کا تبادلہ کر کے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب مقرر کیا گیا ہے۔
محمد فرید آفریدی نئے الیکشن کمشنر بلوچستان مقرر کیے گئے ہیں، وہ اس سے قبل الیکشن کمیشن سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹر جنرل الیکشنز کام کر رہے تھے۔