سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں: ایرانی سفیر
دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے(فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں متعین ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے کہا ہے کہ ’تہران، سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ ‘
العربیہ نیٹ کے مطابق ایرانی سفیر نے سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت فیڈریشن کے سربراہ حسن الحویزی سے ملاقات کی ہے۔
تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کی بحالی اور فریقین کے درمیان وفود کے تبادلے کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران مثبت ماحول سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا اورکہا گیا کہ اقتصادی تعاون کا نیا باب شروع کرنے کے لیے طے شدہ معاہدوں کو موثر کرنا ہوگا۔
فریقین نے تجارتی وفود کے تبادلے کی بحالی، تجارتی لین دین کو موثر کرنے، اشیائے صرف کی مارکیٹ سے بھرپور استفادے اور کامیاب شراکت پراتفاق کیا۔
یہ بھی طے کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ دونوں ملک اپنے یہاں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے مختص سہولتیاں ایک دوسرے کو فراہم کریں۔