Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اعلان جدہ پر عمل درآمد ہی سوڈان بحران کا واحد حل‘

سعودی نائب وزیر خارجہ نے غیر وابستہ تحریک کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ہونے والی غیر جانبدار تحریک کی سربراہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی کررہے ہیں۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق غیر جانبدار سربراہ کانفرنس کے شرکا دنیا بھر میں  اہم سیاسی و اقتصادی مسائل کے موثر حل اور کثیر فریقی تعاون پر تبادلہ خیال کررہے ہیں تاکہ عالمی امن و امان مستحکم ہوسکے۔ 
سربراہ کانفرنس میں برادر اور دوست ممالک کے سربراہ  اور قائدین کے نمائندے شریک ہیں۔ 
اقوام متحدہ میں تعینات سعودی مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل، یوگنڈا میں متعین سعودی سفیر اور نائب وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل مطشر العنزی سعودی وفد میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ’ سوڈان کے موجودہ بحران کے حل کا واحد راستہ اعلان جدہ پر عمل درآمد ہے۔ سعودی عرب جدہ مذاکرات ٹو کی بحالی کے لیے متعلقہ فریقوں کو آمادہ کررہا ہے۔ ‘
اخبار 24 کے مطابق غیر جانبدار تحریک کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’سعودی عرب سمجھتا ہے جدہ میں فریقین کے درمیان جو مذاکرات ہوئے تھے انہیں سوڈانی عوام اور عالمی برادری کی تائید و حمایت حاصل ہے۔‘
’اعلان جدہ پر عمل درآمد ہی سوڈان بحران کا واحد حل ہے۔ اعلان جدہ میں انسانی حقوق کے اصولوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کی زندگی کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔ ‘
ان کا کہنا تھا’ سوڈانی بحران سے متعلق سعودی عرب کا موقف یہ ہے کہ ملکی اتحاد و سالمیت ریاستی اداروں اور سوڈانی عوام  کے قدرتی وسائل کا تحفظ کیا جائے۔‘ 
’سعودی عرب سوڈان اور صومالیہ کے اتحاد و سالمیت  کا تحفظ جان و دل سے چاہتا ہے۔ اس سے خطے کے ممالک میں مکمل تعاون اور امن و استحکام کے تحفظ میں مدد ملے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا’ سوڈان کی موجودہ صورتحال سے متعلق افریقی تنظیم اتحاد اور غیر وابستہ تحریک کے ساتھ سعودی عرب شراکت قائم کیے ہوئے ہے۔‘

شیئر: