ارباب الحرف میں ہونے والی ثقافتی شاموں کے ذریعے سعودی ثقافت کے مختلف پہلوؤں علاقائی فنون، موسیقی، ادب اور تاریخ کو اجاگر کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی بھرپور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے لیے فنکاروں کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ارباب الحرف سے منسلک حال ہی میں کھولے گئے ’سرد ثقافتی مرکز‘ کو سعودی ثقافتی ترقیاتی فنڈ کی مدد حاصل ہے۔
ارباب الحرف کے سی ای او عبداللہ الحضیف نے بتایا ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت مختلف ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے سعودی تخلیق کاروں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔
ارباب الحروف میں مخصوص ثقافتی تقریبات کے ذریعے فنکاروں، موسیقاروں، مصنفین اور دیگر تخلیق کاروں کو اپنے کام کی نمائش اور مملکت کے ثقافتی منظرنامے میں شامل ہونے کے مواقع ملیں گے۔
سرد ثقافتی مرکز کا مقصد تخلیقی شخصیات میں موسیقی کی مہارت کو فروغ دینے کے لیے ایک تخلیقی ماحول فراہم کرنا ہے اور فنکار کمیونٹی کی تعمیر کرنا ہے جو ثقافتی شعبے میں شائقین اور مارکیٹ کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں معاون ہو۔
واضح رہے کہ سعودی ثقافتی فنڈ نے 16 ثقافتی شعبوں میں مختلف سرگرمیوں اور شعبوں میں 36 ثقافتی منصوبوں کی مالی معاونت کی ہے۔
ارباب الحرف مرکز ان امید افزا ثقافتی منصوبوں میں سے ایک ہے جو موسیقی کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے والا ماحول فراہم کرکے موسیقی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں مددگار ہو گا۔
یہاں ہر ماہ 5000 شائقین کی میزبانی کئے جانے کے علاوہ سالانہ 2,000 سے زیادہ افراد کو موسیقی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تربیت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں بیت زریاب، الحضیف میوزیم اور بیت البوہیمین جیسے تاریخی گھروں کے اندر ثقافتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
یہ مراکز مختلف ثقافتی اور فنکارانہ سرگرمیوں میں مشغول ہیں، کمیونٹی اور تخلیقی صلاحیتوں کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔
عبداللہ الحضیف کے پاس ثقافتی سرگرمیوں سے متعلق تقریباً ایک دہائی کا تجربہ ہے، انہوں نے ان سرگرمیوں کا آغاز جدہ میں یمامہ سٹریٹ پر ایک چھوٹے سے سٹور سے کیا اور ان کی لگن نے ثقافتی مراکز کا ایک نیٹ ورک تشکیل دے دیا ، یہ ثقافتی مراکز مملکت کے ثقافتی منظرنامے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔