Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب نسل تیندوے کے تحفظ کے لیے رائل کمیشن فار العلا کا کردار

طائف کے افزائش مرکز میں اب تک 27 عربی النسل تیندوے موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی رائل کمیشن فار العلا نے عرب نسل کے تیندوے کی نسل  بچانے اور ان کی تعداد میں اضافے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رائل کمیشن نے جانوروں کے تحفظ پر کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا ہے تا کہ آنے والی نسلوں کے لیے عرب تیندوے زندہ رہیں اور پروان چڑھیں۔
رائل کمیشن فار العلا نے معدومیت کے خطرے سے دوچار عرب تیندوے کے تحفظ کے لیے افزائش نسل کے لیے محتاط انداز اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ان تیندووں کی افزائش کے لیے استعمال کیا جانے والا طریقہ کار ہمارے عزم اور کوشش کا ثبوت ہے۔
عرب تیندوے کی افزائش کے لیے متعدد اقدامات میں سب سے پہلے نر اور مادہ  کو الگ رکھنے کے لیے باڑے تیار کرنا ہے۔
رائل کمیشن فار العلا  مخصوص جوڑوں کو خاص طور پر ان کی جینیات کے ساتھ ساتھ ان کے رویے کی بنیاد پر منتخب کرتا ہے۔
منتخب جوڑے کو بریڈنگ انکلوژر میں رکھنے کے بعد عملہ ان کے رویے کو ریکارڈ کرنے کے لیے قریب سے ان کی نگرانی کرے گا اور جوڑے کے درمیان مثبت علامات پر توجہ مرکوز کرے گا۔

تیندووں کی افزائش کا طریقہ کار ہمارے عزم اور کوشش کا ثبوت ہے۔ فوٹو عرب نیوز

عرب نسل تیندووں میں مادہ اوسط ایک یا دو بچے پیدا کرتی ہے اور یہ بچے اپنی ماں کے ساتھ اس وقت تک رہتے ہیں جب تک وہ 18 ماہ کی عمر تک نہ  پہنچ جائیں۔
رائل کمیشن کے تعاون سے طائف میں ایک افزائش مرکز قائم کیا  گیا ہے جس میں اب تک 27 چیتے موجود ہیں اور مستقبل میں یہاں مزید تیندوے رکھنے کے لیے العلا کے علاقے میں متعدد ذخائر تیار کیے گئے ہیں۔

تیندوے کی افزائش کے لیے العلا میں متعدد ذخائر تیار کیے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

رائل کمیشن فار العلا دیگر تنظیموں عربین لیپرڈ فنڈ اور پینتھیرا کے ساتھ بھی تعاون کرتا ہے جو تیندووں کے تحفظ میں شامل ہیں۔

شیئر: