Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایوشمان کھرانہ کے ’دل دل پاکستان‘ گانے کے پیچھے اصل کہانی کیا ہے؟

ایوشمان کھرانہ کا یہ کنسرٹ 2017 میں دبئی میں ہوا تھا جس میں انہوں نے تمام ایشیائی ممالک کو خراج تحسین پیش کیا (فوٹو: سیلفی ٹی وی)
انڈین اداکار و گلوکار ایوشمان کھرانہ کو اپنی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایوشمان کھرانہ کنسرٹ میں ’دل دل پاکستان‘ گانا گا رہے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ایوشمان پر کافی تنقید کی جا رہی ہے۔
دویانشو تومار نامی اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ’یہ نام نہاد آرٹسٹ پیسے کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں، ایوشمان نے یہ گانا گا کر ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔‘
اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی متعدد انڈین ویب سائٹس اور چینلز نے اس پر خبریں بھی نشر کی ہیں۔
انڈین ویب سائٹ ’دا کوئنٹ‘ کے مطابق ایوشمان کھرانہ کی اس ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کیا جا رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو 2017 میں دبئی میں ہونے والے کنسرٹ کی ہے جس میں ایوشمان کھرانہ کو اپنے بھائی اپارشکتی کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو 20 نومبر 2017 کو اپ لوڈ کی گئی تھی اور اس کا عنوان تھا، ’ایوشمان کھرانہ دبئی میں اپنے پنجابی گانے کے ذریعے تمام ایشیائی ممالک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے۔‘
ویڈیو کے اس طویل ورژن میں کنسرٹ کے آغاز پر ایوشمان  کو بالی وڈ کا گانا گاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔ پھر وہ مختلف ریاستوں اور علاقوں کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دکھائی دیے، جس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی اپارشکتی کھرانہ کے ساتھ اسٹیج پر 'دل دل پاکستان' اور 'چک دے انڈیا' گانے پیش کیے۔
اس موقع پر لوکار کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا، ’یہ ہمارے پاکستانی دوستوں کے لیے ہے‘ اور پھر انہوں نے ’دل دل پاکستان‘ گانا شروع کر دیا۔ اس کے بعد انہیں مقبول انڈین گانا ’چک دے انڈیا‘ پرفارم کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
 

شیئر: