عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سعودی فوڈ اتھارٹی کے لیے اعزاز
مملکت میں کھانے پینے کی اشیا مصنوعی ٹرانس فیٹ سے پاک ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مصنوعی ٹرانس فیٹ سے کھانے پینے کی اشیا کے پاک ہونے پر سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) کو جنیوا میں اعزاز دیا ہے۔
المدینہ اخبار کے مطابق سعودی عرب دنیا کے ان پانچ ممالک میں سے ایک ہے جہاں کھانے پینے کی اشیا مصنوعی ٹرانس فیٹ سے پاک ہیں۔
مملکت کے علاوہ ڈنمارک، لیتھوانیا، پولینڈ اور تھائی لینڈ اس فہرست میں شامل ہیں۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر ھشام بن سعد الجضعی نے صحت عامہ کے فروغ کے حوالے سے بہترین کوششوں پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایف ڈی اے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ’ سعودی وژن 2030 اور مملکت میں اوسط عمر بڑھانے سے متعلق شعبہ صحت کی بنیاد پرسعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی 2017 سے صحت بخش غذا اور تغذیہ کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔‘