Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی ون، پہلے روز کے سنگلز مقابلے انڈیا کے نام

اعصام الحق اور رام کمار رماناتھن کے درمیان میچ دو گھنٹے ایک منٹ تک جاری رہا (فوٹو: اے ایف پی)
ڈیوس کپ ٹائی ون مرحلے کا آج سے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ سنگل مقابلوں انڈیا کو پاکستان کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ 
پاکستان کے اعصام الحق کو انڈین پلیٸر رام کمار رما ناتھن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلے سیٹ میں اعصام الحق کو چھ کے مقابلے میں سات کے سکور سے برتری حاصل رہی۔ دوسرے سیٹ میں بھی دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملا۔ رام کمار نے سخت مقابلے کے بعد اعصام الحق کو چھ کے مقابلے میں سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرا سیٹ اپنے نام کیا۔
تیسرے سیٹ میں انڈین پلیئر نے اعصام الحق کو چھ۔ صفر سے آؤٹ کلاس کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
تیسرے سیٹ کے دوران دوران اعصام الحق نے میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا۔اعصام الحق اور رام کمار رماناتھن کے درمیان میچ دو گھنٹے ایک منٹ تک جاری رہا۔

پاکستان کے عقیل خان کے خلاف انڈین کھلاڑی سری رام بالاجی کی کامیابی

ڈیوس کپ ٹائی ون کے دوسرے سنگلز میں عقیل خان اور سری رام بالاجی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
پاکستان کے عقیل خان کو انڈین سری رام بالاجی س شکست کا سامنا رہا۔
پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد سری رام بالاجی نے پانچ کے مقابلے میں سات پوائنٹس سے پاکستانی حریف کو شکست دی۔

بارش کے باعث دوسرا سنگلز میچ روکنا پڑا 

اسلام آباد میں بارش کے باعث دوسرا سنگلز میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا۔ بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا۔

ڈیوس کپ کے ٹائی میچز کے پاکستان میں انعقاد پر عائد پابندی 2017 میں ختم ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

ڈیوس کپ ٹائی ون کے دوسرے ٹاکرے کا بارش کے بعد دوبارہ آغاز ہوا تو انڈیا کا پلڑا پھر بھاری رہا جس میں عقیل خان کو تین کے مقابلے چھ پوائنٹس سے شکست ہوئی۔

ڈیوس کپ میں کل ڈبل میچز کھیلے جائیں گے 

ڈیوس کپ ٹائی ون کے ڈبل مقابلوں میں کل پاکستان کے مزمل مرتضیٰ اور برکت اللہ انڈیا کے یوکی بھامری اور ساکیتھ مائی نینی کا سامنا کریں گے۔ 
کل(اتوار کو) پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان کا مقابلہ انڈیا کے سری رام بالا جی اور رام کمار رما ناتھن سے ہو گا۔
بارش کی صورت میں میچز پیر کو ریزرو ڈے پر ہوں گے۔ 
ڈیوس کپ ٹائی ون انڈین ٹیم 59 برس بعد پاکستان آئی  ہے۔ انڈین ٹینس ٹیم 28 جنوری کو پاکستان پہنچی تھی۔
انڈین ٹینس ٹیم آخری بار 1964 میں پاکستان آئی تھی۔ اُس وقت انڈین ٹیم نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دی تھی۔

ڈیوس کپ کے لیے اسلام آباد پہنچنے والی انڈین ٹیم کے ہمراہ انڈین صحافی بھی پاکستان آئے ہیں(فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے گزشتہ 16 برس کے دوران سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ڈیوس کپ کے کسی ٹائی میچ کی میزبانی نہیں کی۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے ٹائی میچز کے پاکستان میں انعقاد پر پابندی عائد کر رکھی تھی جو کہ 2017 میں ختم ہوئی۔
انڈین ٹینس ٹیم میں پانچ کھلاڑی شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں دو فزیو اور ایک ایک کوچ، مینیجر اور کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔
ڈیوس کپ کے لیے اسلام آباد پہنچنے والی انڈین ٹیم کے ہمراہ انڈین صحافی بھی پاکستان آئے ہیں۔ انڈین ٹینس ٹیم اسلام آباد میں ٹینس کمپلیکس کے پاس مقامی ہوٹل میں قیام کر رہی ہے۔

شیئر: