تھرپارکر میں ارباب غلام رحیم کو شکست دینے والے مہیش کمار ملانی کون ہیں؟
تھرپارکر میں ارباب غلام رحیم کو شکست دینے والے مہیش کمار ملانی کون ہیں؟
جمعہ 9 فروری 2024 15:54
زین علی -اردو نیوز، کراچی
مہیش کمار نے تھرپارکر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھرپارکر سے ایک بار مہیش کمار ملانی نے میدان مار لیا، حلقہ این اے 215 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مہیش کمار ملانی نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کو شکست دی ہے۔
مہیش کمار ملانی کون ہے؟
صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار ملانی کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے اقلیتی ونگ سے ہے۔
انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 90 کی دہائی میں پیپلز پارٹی سے کیا اور نہ صرف مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بنے بلکہ جنرل اسمبلی کی نشست پر بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
مہیش کمار ملانی نے 2013 میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر پہلی کامیابی حاصل کی تھی، وہ پی ایس 61 سے کامیاب ہوکر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انہوں نے سال 2018 کے عام انتخابات میں بھی تھرپارکر ٹو کے حلقہ این اے 222 سے جنرل اسمبلی پر الیکشن لڑا تھا اور کامیاب ہو کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انہیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان میں اقلیت کے ووٹ ڈالنے کے حقوق حاصل ہونے کے بعد پہلی بار جنرل سیٹ پر کامیاب ہو کر اسمبلی کا حصہ بنے تھے۔
مہیش کمار کا سیاسی سفر
مہیش کمار ملانی اپنے ابتدائی سیاسی دور سے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے تھرپارکر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تھرپارکر کا شمار پاکستان کے ان علاقوں میں کیا جاتا ہے جہاں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں آباد ہیں۔
تھر پارکر ٹو کا حلقہ کن علاقوں پر مشتمل ہے؟
پاکستان کا یہ صحرائی علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔
تھرپارکر ٹو کے حلقے میں کیلوئی، ڈپلو، مٹھی، اسلام کوٹ اور چھاچھرو سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ یہاں صحرا کے خوبصورت رنگ نظر آتے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ پر پھیلے پہاڑ، ناچتے مور، اچھلتے کودتے ہرن اس علاقے کی شان ہیں۔ خاص کر ساون کے موسم میں اس علاقے کی خوبصورتی دیکھنے کے لائق ہوتی ہے، بارش کی بوندیں صحرا پر پڑتی ہیں تو زمین کا سینہ چیر کر سبزہ اگتا ہے، دیکھتے ہی دیکھتے پہاڑ ہری چادر اوڑھ لیتے ہیں اور اس علاقے میں آنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔
تھرپارکر ٹو کا 2018 کے عام انتخابات میں کیا نتیجہ تھا؟
سال 2018 کے عام انتخابات میں یہ حلقہ این اے 222 تھا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ پی پی امیدوار مہیش کمار ملانی نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار ارباب ذکا اللہ کو شکست دی تھی۔
مہیش کمار ملانی نے اس حلقے ایک لاکھ 6 ہزار 630 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار ارباب ذکا اللہ نے 87 ہزار 251 ووٹ حاصل کیے تھے۔
سال 2024 کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ فارم 47 کے مطابق مہیش کمار ملانی نے ایک لاکھ 32 ہزار 61 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے ایک لاکھ 13 ہزار 346 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
مہیش کمار ملانی کی 2024 کی عام انتخابات میں کامیابی پر ان کے قریبی ساتھی اور رشتہ دار سوشیل ملانی نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر پیغام میں حلقے کے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیابی دلانے پر تھرپارکے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔