سعودی کے قبضے سے 40 کلو گرام چرس برآمد
شہری نے چرس چھپانے کے لیے خفیہ خانے بنائے تھے۔ (فوٹو سبق)
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بیشہ کمشنری میں سعودی شہری کے قبضے سے 40 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ ملزم کے خلاف کیس منشیات سمگلنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ عسیر ریجن کی بیشہ کمشنری میں پولیس اہلکاروں نے معمول کے گشت کے دوران ایک گاڑی کو روکا جسے سعودی شہری چلا رہا تھا۔
گاڑی کی تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے چرس کے پیکٹس برآمد ہوئے۔ ملزم نے چرس سمگل کرنے کے لیے گاڑی میں خصوصی خانے بنوائے تھے جہاں اس نے چرس کے پیکٹس کو چھپایا تھا۔
پولیس اہلکاروں نے ملزم کے خلاف منشیات سمگل کرنے کا مقدمہ درج کرکے اسے محکمہ انسداد منشیات کے ادارے کے حوالے کردیا جہاں مزید تفتیش کے بعد ملزم کا چالان کریمنل کورٹ میں بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ برس سے منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر جنگ جاری ہے۔ اس حوالے سے مختلف ریجنز اور شہروں میں خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہیں جو منشیات فروشوں کے خلاف کام کر رہی ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے منشیات کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کے لیے شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات فروشوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا جائے۔ اس بارے میں مکہ ریجن، ریاض اور مشرقی ریجن کے لیے 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں کے لیے 999 کا نمبر مخصوص ہے علاوہ ازیں محکمہ انسداد منشیات کے ٹول فری نمبر 995 پر بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں