Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہن کی بے لوث محبت، بھائی کو گُردہ عطیہ کردیا

سارہ کا کہنا ہے کہ ’خوشی ہے کہ بھائی کو تکلیف سے نجات دلانے کا سبب بنی۔‘ (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کی تیما کمشنری سے تعلق رکھنے والی ایک سعودی لڑکی نے اپنے بھائی کو مستقل تکلیف سے نجات دلانے کے لیے اپنا گردہ عطیہ کر دیا۔
عربی جریدے عکاظ کے مطابق گردے کی پیوندکاری کا آپریشن کامیاب رہا، دونوں تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ سعودی لڑکی سارہ کے گھر والوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا علی گزشتہ پانچ برس سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھا۔
مرض کی وجہ سے علی کو ہفتے میں دو دن ڈائیلاسیس کے تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔ اس عرصے میں گردے کی پیوند کاری کے مرکز میں بھی رجسٹرکرایا ہوا تھا مگر کوئی گردہ میچ نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے پیوندکاری کا مرحلہ تاخیر کا شکار ہوتا گیا۔
سارہ کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ بھائی کو اس قدر تکلیف میں دیکھتے ہوئے سارہ ہمیشہ پریشان ہو جایا کرتی تھی۔ ایک دن اس نے بھائی کو اپنا گردہ عطیہ کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔
بھائی کو تکلیف سے نجات دلانے کے لیے سارہ نے خود ہسپتال سے رجوع کیا اور اپنا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا جس پر گردے کی پیوند کاری کےلیے دیگر ٹیسٹ بھی کرائے گئے۔
تمام ٹیسٹ مثبت آنے پر پیوند کاری کا آپریشن کردیا گیا جو کامیاب رہا۔ اس موقع پرسارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے دلی سکون حاصل ہو گیا کہ میں بھائی کو ایک مستقل تکلیف سے نجات دلانے کا سبب بنی۔‘

شیئر: