الجزائر میں دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد کا باضابطہ افتتاح
الجزائر میں دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد کا باضابطہ افتتاح
پیر 26 فروری 2024 0:00
مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے (فوٹو: اے پی )
الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اتوار کو الجزائر کی جامع مسجد کا باضابطہ افتتاح کیا ہے جو دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد ہے۔
اس وسیع وعریض مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اسے پہلی مرتبہ اکتوبر 2020 میں نماز کےلیے کھولا گیا تھا لیکن صدرعبدالمجید تبون کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے۔
مقامی طور پر جامع الجزائر کے نام سے معروف یہ جدید انفراسٹرکچر تقریبا 70 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے تاہم یہ رقبہ سعودی عرب میں مقدس ترین مقامات مکہ اور مدینہ منورہ کی مساجد سے کم ہے۔
اس مسجد میں دنیا کا بلند ترین مینار بھی ہے جس کی اونچائی 267 میٹر ہے۔ مینار میں لفٹس اور دیکھنے کےلیے ایک پلیٹ فارم نصب ہے جہاں سے دارالحکومت اور خلیج الجزائر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
مسجد کے اندرونی حصے کو اندلس کے انداز میں لکڑی، سنگ مرمر اوردیگر قیمتی اشیا سے سجایا گیا ہے۔
اس میگا پروجیکٹ کی لاگت 800 ملین ڈالر سے زیادہ ہے اور اس کی تعمیر میں سات برس لگے۔
خیال رہے عبدالمجید تبون کی صدارت کی مدت باضابطہ طور پر اس سال کے آخر میں ختم ہو رہی ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ دسمبر 2019 کو پہلی مرتبہ منتخب ہوکر آنے والے صدر نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں۔