مملکت کے ہسپتالوں میں علاج کے دورانیے میں کمی ہوئی ہے: وزیر صحت
مختلف ہسپتالوں میں 13 ہزار کے قریب بستروں کی گنجائش ہوگئی ہے (فوٹو عاجل)
وزیر صحت فہد الجلاجل کا کہنا ہے کہ مملکت کے ہسپتالوں میں داخل زیرعلاج مریضوں کے دورانیے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزیر صحت نے العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مملکت کے پانچ میڈیکل سینٹرز سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق ہسپتالوں میں علاج کی غرض سے داخل مریض ماضی میں کم از کم چھ دن رہتے تھے۔
’ماضی کے مقابلے میں اب یہ دورانیہ کم ہو کر چار دن تک ہو گیا ہے جس سے مختلف ہسپتالوں میں 13 ہزار کے قریب بستروں کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔‘
وزیر صحت الجلاجل نے میڈیکل آپریشنز کے حوالے سے مزید کہا کہ ہفتہ وار آپریشنز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جو کہ دو ہزار آپریشن سے بڑھ کر 8400 تک پہنچ گیا ہے۔
طبی آپریشنز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ رواں برس کے لیے ہفتہ وار 10 ہزار آپریشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ طبی اداروں میں مریضوں کی مجموعی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ مریضوں کی اکثریت علاج اور فراہم کی جانے والی سہولتوں سے مطمئن ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں