Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی حجامہ کرنے والا اور غیرلائسنس یافتہ حکیم گرفتار

ملزمان سے مزید تحقیقات کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا (فوٹو، ایکس اکاؤنٹ)
وزارت صحت و مختلف حکومتی اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیموں نے غیرقانونی طور پر لوگوں کا مختلف طریقوں سے علاج کرنے کے دعویداروں کو حراست میں لے لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مشترکہ تفتیشی ٹیموں نے الجوف کے علاقے سے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک غیرملکی کو صالون سے گرفتار کیا جو غیرقانونی طورپر لوگوں کا حجامہ کرتا تھا۔
ملزم سے تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ محض حجام تھا جبکہ حجامہ (کپنگ) سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ علاوہ ازیں حجامہ کے لیے جو کپ اور دیگر آلات وہ استعمال کرتا تھا وہ بھی مناسب نہیں تھے جس سے امراض پھیلنے کا بھی اندیشہ تھا۔
دوسری کارروائی میں تفتیشی ٹیموں نے تبوک میں ایک نقلی حکیم کو حراست میں لیا جو متبادل طریقہ علاج کا ماہر ہونے کا دعویٰ کرتا تھا۔
ملزم کے پاس قومی مرکز برائے متبادل طریقہ علاج کی جانب سے جاری کردہ لائسنس بھی نہیں تھا اور نہ ہی اس شعبے میں اسے کوئی مہارت حاصل تھی۔
اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لوگ ایسے غیرلائسنس یافتہ افراد سے علاج نہ کرائیں تاکہ صحت کے حوالے سے کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔

شیئر: