انعام میں قیمتی گاڑیوں کے بدلے تحائف دینے پر کمپنی کے خلاف کارروائی
وزارت تجارت نے شکایت پر کارروائی کی۔ (فوٹو سبق)
نجی کمپنی کا مقابلہ جیتنے والوں کو انعام میں گاڑیاں نہ دینے کے خلاف وزارت تجارت نے کیس ادارہ پراسیکیوشن کو بھیج دیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق نجی عطرساز کمپنی کے خلاف وزارت تجارت کو شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کمپنی نے انعامی مقابلے کا اعلان کیا تھا جس میں 3 قیمتی گاڑیاں انعام میں رکھی گئی تھیں۔
کمپنی نے انعامی اعلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقابلہ جیتنے والوں کو گاڑیاں دینے کے بجائے انہیں مختلف تحائف دینے پر اکتفا کیا جن کی قیمت 20 ہزار ریال تھی۔
وزارت تجارت کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کمپنی کے خلاف تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ انعامی مقابلے کے لیے وزارت سے کسی قسم کا پرمٹ حاصل نہیں کیا گیا تھا جبکہ انعام میں جو گاڑیاں دکھائی گئی تھیں ان میں سے ہرگاڑی کی قیمت 2 لاکھ 30 ہزار ریال تھی ۔
مسابقے کے بعد انعام جیتنے والوں کو اعلان کردہ انعام دینے سے قبل کمپنی کی جانب سے وزارت تجارت سے جو پرمٹ حاصل کیا گیا اس میں انعام میں چائنا کی گاڑی جس کی قیمت 88 ہزار ریال تھی ظاہر کی گئی جبکہ دیگر انعامات میں اسمارٹ فون رکھے گئے تھے۔
وزارت تجارت نے کمپنی کے خلاف جاری چارج شیٹ میں کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے قانون کی شق نمبر19 کی خلاف ورزی کی گئی جس کے تحت مقدمہ دائر کرکے کیس پراسیکیوشن کو ارسال کردیا گیا ہے۔
اس ضمن میں متاثرہ افراد نے وزارت تجارت سے اپیل کی ہے کہ وہ کمپنی کے پہلے اعلان کردہ انعام کے مطابق انہیں وہی گاڑیاں دلائی جائیں جس کے حوالے سے کہا گیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں