ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے جدہ کے شمالی علاقے میں نئے میٹرنٹی اسپیشلسٹ ہسپتال کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل بھی موجود تھے۔ ہسپتال منصوبے کی تعمیر پر 416 ملین ریال لاگت آئی۔
شمالی جدہ کے علاقے میں تعمیر کیا جانے والا زچہ و بچہ اسپیشلسٹ ہسپتال 86 ہزار 271 مربع میٹررقبے پر محیط ہے جس میں 400 بستروں کی گنجائش ہے۔
مکہ گورنریٹ میں وزیر صحت اور وزارت کے دیگر اعلی عہدیداروں نے ڈپٹی گورنر مکہ کو ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی۔
ڈپٹی گورنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بتایا گیا جن میں قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کے لیے خصوصی نگہداشت کا یونٹ، بچوں کے امراض گردہ کا شعبہ ، بانچھ پن، نظام تنفس کے امراض، بچوں کے دل کے امراض، معدہ اور پیڈیاٹرک اینڈوکرائن کے حوالے سے بھی خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پرڈپٹی گورنر نے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی سہولتوں اور علاج کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کی فراہمی کو سراہا۔
شہزادہ سعود بن مشعل نے امید ظاہر کی کہ نئے ہسپتال کے قیام سے علاقے اور اطراف کے لوگوں کو طبی میدان میں بہتر سہولت مہیا ہوگی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں