امارات میں روزے کا دورانیہ کتنا، موسم کیسا رہے گا؟
رمضان میں ابتدائی دنوں میں روزہ 13 گھنٹے 14 منٹ کا ہوگا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز پیر 11 مارچ 2024 سے ہورہا ہے۔ اس مرتبہ طویل وقفے کے بعد رمضان کی ابتدا موسم سرما میں جبکہ آخری حصہ قدرے کم گرمی کے ساتھ رہنے کی توقعات ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات کی فلکیاتی انجمن کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ آئندہ سات سال تک رمضان المبارک کی شروعات موسم سرما میں ہوگی اور اس کا سلسلہ 2030 تک رہے گا۔
دوسری جانب امارات میں موسمیات کے قومی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان کے دوران رات کے وقت موسم معتدل سے خوشگوار رہے گا جبکہ پہلے نصف حصے میں سحری اور فجر تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔ اس کے بعد موسم گرمی کی طرف جانے لگے گا۔
قومی مرکز کے مطابق دوپہر کے وقت درجہ حرارت 29 سے 34 کے درمیان ہوگا جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت 18 سے 21 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقعات ہیں۔
قومی مرکز نے بتایا رمضان کی شروعات میں روزے کی مدت 13 گھنٹے 14 منٹ تک ہوگی جبکہ وقت بڑھنے کے ساتھ روزہ 13 گھنٹے 57 منٹ تک کا رہے گا۔
اس حوالے سے تمام ریاستوں اور شہروں میں چند منٹوں کا فرق آگے پیچھے رہتا ہے۔ تمام علاقوں کے لیے سحر و افطار کا چارٹ ہر سال جاری کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں