وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع
وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع
جمعہ 5 اپریل 2024 13:31
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ خزانہ، اقتصادی امور، دفاع اور اطلاعات کے وزراء بھی ہوں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے پر 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب جائیں گے اور اس دورے میں ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
سعودی عرب 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے جہاں سے پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں۔
دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
بیان کے مطابق دونوں رہنما علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ خزانہ، اقتصادی امور، دفاع اور اطلاعات کے وزراء بھی ہوں گے۔ وہ عمرہ ادا کریں گے اور مدینہ میں مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے لیے پرعزم ہے۔‘
سعودی حکومت نے ابھی تک اس دورے یا اس کے ایجنڈے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
شریف نے آخری بار اکتوبر 2022 میں بطور وزیراعظم اپنی پہلی مدت کے دوران سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔ اس دورے میں انہوں نے ولی عہد سے ملاقات کی اور سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کی تھی۔
پاکستان اس وقت معاشی مسائل سے دوچار ہے اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی ہنرمند اور ورک فورس بھاری زرمبادلہ اپنی ملک بھیجتی ہے۔
وزیراعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات خود اُٹھائیں گے: وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف سنیچر کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے۔‘
جمعے کی رات ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’مارچ میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کمرشل پرواز کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔‘
’وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کے ارکان سفری اخراجات خود اُٹھائیں گے۔‘