Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابا کیا ہوا، گرمی ہے؟‘ اعظم خان کی ڈالرز سے پسینہ صاف کرنے کی ویڈیو وائرل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کی ڈالرز سے پسینہ صاف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کیمرے کے پیچھے موجود ہیں اور اعظم خان سے پوچھتے ہیں ’ابا کیا ہوا ہے، گرمی ہے؟‘
بابر اعظم کے جواب میں اعظم خان ہاتھ میں موجود غیر ملکی کرنسی (ڈالرز) سے اپنے چہرے کا پسینہ صاف کرتے ہیں اور بولتے ہیں ’بہت گرمی ہے‘، جس پر تمام کھلاڑی قہقہہ لگاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بظاہر سنیپ چیٹ سے ’سکرین ریکارڈ‘ کی ہوئی معلوم ہوتی ہے جس پر انٹرنیٹ صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
سیف اللہ نامی صارف نے کہا ’ اعظم خان کی غیر ملکی کرنسی سے پسینہ صاف کرنے کی ویڈیو وائرل، بے شک یہ ایک فنی ویڈیو ہے پر کیا اعظم خان کا اس طرح کرنا درست ہے؟‘

حسام سجاد لکھتے ہیں ’یہ پیسے کی گرمی ہے۔‘

عروج جاوید نے لکھا ’بابر اعظم نے اعظم خان کو ابا بول دیا ہے اب سب نے انہیں یہی کہہ کر پکارنا ہے۔‘

ایک اور صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ’کیا بابر اعظم نے اعظم کو ابا بولا؟‘

سارا نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’پیسہ ہو تو کیا کچھ نہیں ہوسکتا؟‘

جہاں کچھ صارفین اس ویڈیو سے محظوظ ہوتے رہے وہیں کچھ اس پر تنقید کرتے بھی دکھائی دیے۔ رؤف چوہدری نے اپنی پوسٹ میں کہا ’اس طرح کا مذاق کسی صورت مناسب نہیں‘۔

عامر زمان لکھتے ہیں ’ بہت بری بات ہے اتنا مذاق بنایا جارہے ہے پیسے کا جس کے لئے بہت محنت ہوتی ہے‘۔

شیئر: