لیڈی ڈاکٹر کویتی شہری کے پاسپورٹ پر سفر کرتے پکڑی گئی
لیڈی ڈاکٹر نے جس کویتی شہری کا پاسپورٹ چرایا گیا وہ مرد تھا۔( فائل فوٹو)
کویتی کرمنل کورٹ نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک لیڈی ڈاکٹر کو جعلسازی کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔
سبق نیوز نے کویتی جریدے الرائی کے حوالے سے بتایا کہ لیڈی ڈاکٹر نے ایک کویتی شہری کا پاسپورٹ چوری کیا۔ اس کے چہرے سے مشابہت اختیار کرنے کےلیے اپنے خد وخال کویتی کی طرح بنائے اور کویت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
امیگریشن کے اہلکار کو لیڈی ڈاکٹر کی آواز، لہجے اور جسمانی ساخت پرشک ہوا اسے حراست میں لے کرتفتیش کی تو معاملہ سامنے آیا جس کویتی شہری کا پاسپورٹ چرایا گیا وہ مرد تھا۔
ملزمہ کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ قائم کرکے امیگریشن پولیس نے پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جہاں تحقیقات کے بعد چالان عدالت کو بھیجا گیا۔
دوران تحقیقات انکشاف ہوا کہ ملزمہ ماہر امراض نسواں تھی اس نے نشے کے عادی افراد کے علاج کا کلینک کھولا ہوا تھا جہاں وہ بھاری فیس لے کر ان کا علاج کرتی تھی۔
ملزمہ نے اپنے ایک مریض جس کی شکل اس سے قدرے مشابہت رکھتی تھی کا پاسپورٹ چرایا اور اپنے چہرے میں معمولی سی تبدیلی کی۔
خود کو کویتی شہری ظاہر کرتے ہوئے کویت میں داخل ہونے کی کوشش پر پکڑی گئی۔