طبی یونٹ کی بروقت کارروائی، بنگلہ دیشی اور انڈونیشی عازمین کو بچا لیا گیا
انڈونیشی عازم کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔ (فوٹو عاجل)
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صحت عملے نے بروقت علاج کرکے بنگلہ دیشی اور انڈونیشی عازمین کو بچا لیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ ہیلتھ سینٹر کے تحت کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ہارٹ ہیلتھ سینٹر کی طبی ٹیم نے ایک 60 سالہ بنگلہ دیشی عازم حج کو بروقت طبی امداد فراہم کی جسے دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔
مکہ مکرمہ کے ہیلتھ سینٹر میں لائے جانے والے مریض کو سینے میں شدید درد کی شکایت تھی ۔ ابتدائی طبی معائنہ پر پتہ چلا کہ اسے انجماد خون کے باعث اسے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ جس کے بعد فوری طور پر کنگ عبدالعزیز ہسپتال اور وہاں سے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ایمرجنسی سینٹر میں کارڈیک کیتھرائزیشن ڈیپارٹمنٹ نے ہاٹ لائن کے ذریعے ٹیم کو متحرک کیا اور 45 منٹ کے اندر اس کی مین شریان کو سٹنٹ کے ذریعے کھول دیا گیا۔ اب بنگلہ دیشی عازم کی حالت بہتر ہے۔
دوسری جانب مدینہ منورہ میں سینٹر فار کارڈیک ڈیزیز اینڈ سرجری کی ٹیموں نے ایک 60 سالہ انڈونیشی عازم کی پہلی اوپن ہارٹ سرجری کی جو کامیاب رہی۔
مدینہ ہیلتھ کونسل کے ذمہ دار نے بتایا کہ انڈونیشی عازم سینے میں درد کی شکایت کررہا تھا اور طبی معائنہ و ایکسرے سے پتہ چلا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے جس پر فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
انڈونیشی مریض کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت اب قدرے بہتر ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں