شاہ سلمان مرکز کے سربراہ سے ’الاونروا‘ کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کی ملاقات
غزہ میں امدادی اور انسانی امور سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ العربیہ سے بدھ کو ریاض میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین( الا ونروا) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں غزہ میں امدادی اور انسانی امور سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلپ لازارینی نے الاونروا کے لیے سعودی عرب کی سپورٹ کو سراہا جس نے فلسطینی پناہ گزینوں کے انسانی حالات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی اور مملکت کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے فائدے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان مزید تعاون کی امید کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سعودی امدای ایجنسی کے ایگزیکیو پارٹنر سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج کے ذریعے غزہ میں 4 ہزار 494 شیلٹر کٹس تقسیم کی گئی ہیں۔ جن میں کمبل، میٹریس، کچن کا سامان، پانی کے کنٹینر اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
شمالی غزہ میں جاری اسرائیل کے فوجی آپریشن سے بڑی تعداد میں شہری بے گھر ہوئے ہیں۔
شیلٹر کٹس خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔ یہ امداد انسانی بحران کے دوران فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے مملکت کی طرف سے فراہم کردہ انسانی اور امدادی کوششوں کا حصہ ہے۔