Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین کو پاکستانی ذائقے اور معیار کے مطابق کھانے کی فراہمی

ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ نے کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن کا معائنہ کیا۔( فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ کے ڈائریکٹر حج فہیم خان آفریدی نے کہا ہے کہ ’عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں پاکستانی ذائقے اور معیار کے مطابق کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘۔
تمام رہائشی عمارتوں اور 9 کیٹرنگ کمپنیوں میں پاکستانی فوڈ کوآرڈینٹرز کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے ذریعے  سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کےمطابق مکہ مکرمہ میں اس سال 70 ہزار سے زائد سرکاری عازمین کو ان کی رہائش پر دو وقت کھانے اور ناشتہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
عازمین کی حفاظت اور سلامتی کے پیش نظر اور مقامی قانون کے مطابق  کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن شہر سے باہر ہوتے ہیں۔
یہ کیٹرنگ کمپنیاں روزانہ 5 تا 8 ہزارعازمین کےلیے تین وقت کھانا تیار کر کے مخصوص گاڑیوں کے ذریعے رہائش تک پہنچاتی ہیں۔
 فہیم خان آفریدی نےعازمین کو کھانا فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن کا معائنہ کیا۔
انہوں نے بتایا’ فوڈ کوآرڈینیٹرز حفظان صحت کے اصولوں اور پاکستانی ذائقے کے مطابق کھانے کی بروقت تیاری اور ترسیل کو یقینی بناتے ہیں۔ کسی بھی رہائش میں موجود پاکستانی عازمین کی اکثریت کے لحاظ سے کھانوں کے مصالحوں کا خیال رکھا جاتا ہے‘۔
 ان کا مزید کہنا تھا’ وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن نے گذشتہ تجربات، عازمین آرا اور جسمانی ضروریات کے پیش نظر ایک متوازن مینو تشکیل دیا ہے جس میں گوشت، دالیں، سبزی، چاول، دو قسم کی روٹی ، لسی، فروٹ، میٹھا، چائے اور پانی شامل ہیں‘۔
’پاک حج موبائل ایپ یا ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق شکایت موصول ہونے پر کیٹرنگ کمپنی سے بازپرس کی جاتی ہے‘۔ 

شیئر: