Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارت کاری میں ناکامی، اسرائیلی افواج کی رفح کے ساحلی علاقے میں کارروائی

اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ وہ رفح پر ’انٹیلیجنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن‘ جاری رکھے ہوئے ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
غزہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ رفح کے جنوبی حصے میں اسرائیلی ٹینکوں نے اندر تک پیش قدمی کی ہے اور اس دوران فضا سے بمباری بھی کی گئی جس کے باعث سینکڑوں خاندان گھروں کو چھوڑ کر جان بچا کر نکلنے پر مجبور ہوئے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج رفح کے ساحلی علاقے الماواسی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ مئی میں رفح میں فوجی کارروائی سے قبل اسرائیل نے اعلانات اور جاری کیے گئے نقشوں میں اس علاقے کو شہریوں کے رہنے لیے دکھایا تھا۔
اسرائیل کی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں رفح کے المواسی علاقے میں فوجی کارروائی کی تردید کی گئی ہے۔
اسرائیل نے کہا کہ اس حملے کا مقصد رفح میں حماس کے آخری لڑاکا یونٹوں کا صفایا کرنا ہے۔
رفح شہر میں اسرائیلی فوج کی تازہ ترین پیش قدمی سے پہلے یہاں غزہ کے دیگر علاقوں سے بے دخل ہونے والے دس لاکھ سے زیادہ لوگوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ ان میں سے زیادہ تر لوگ اب شمال کی طرف وسطی غزہ کی پٹی میں خان یونس اور دیر البلاح چلے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ وہ رفح پر ’انٹیلیجنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن‘ جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان کے مطابق گزشتہ روز فورسز نے ہتھیاروں کی تلاش کے دوران ایک جھڑپ میں بندوق برداروں کو ہلاک کیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں 45 اہداف کو فضا سے نشانہ بنایا جن میں فوجی ڈھانچے، عسکریت پسندوں کے سیل، راکٹ لانچرز اور ٹنل شافٹس شامل تھے۔
اسرائیل نے حماس کے خاتمے تک امن کو مسترد کر دیا ہے اور آٹھ ماہ کی بمباری میں غزہ کا بڑا حصہ کھنڈر بن چکا ہے لیکن حماس کے عسکریت پسند سخت جان ثابت ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں لڑنے کے لیے دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں جہاں اسرائیلی افواج نے پہلے انہیں شکست دینے اور پیچھے دھکیلنے کا اعلان کیا تھا۔

جنگ بندی کی تجویز

حماس نے امریکی جنگ بندی کی نئی تجویز کا خیرمقدم کیا تاہم کچھ ترامیم کے ساتھ اپنے اس مؤقف کی توثیق کی کہ کسی بھی معاہدے کو جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانا چاہیے۔
اسرائیل نے امریکہ کی نئی امن تجویز پر حماس کے ردعمل کو مکمل مسترد کیا ہے تاہم امریکہ کے حمایت یافتہ ثالثوں قطر اور مصر کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔
نومبر میں ایک مختصر ہفتہ بھر طویل جنگ بندی کے بعد سے لڑائی کو روکنے کی بار بار کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، حماس جنگ کے مستقل خاتمے اور غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا پر اصرار کر رہی ہے۔

شیئر: