Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت دفاع کی عازمین حج کے لیے ایئر ایمبولینس سروس

سعودی وزارت دفاع حج مقامات پر ایئر ایمبولینس سمیت سیفٹی اور سکیورٹی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
 اس سال حج سیزن میں عازمین کی ہیلتھ کیئر کو بڑھانے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے جمعے کو بیان میں کہا کہ ایئرایمبولینس کے ذریعے پہلے ہنگامی کیس کو منتقل کر دیا گیا۔
سعودی ہلال احمر کی ایمبولینس ٹیمں نے کمانڈ روم کو اطلاع ملنے پر مسجد الحرام کے قریبی علاقے میں ایک 60 سالہ افریقی عازم حج کو بچا لیا جو سینے کے درد میں مبتلا تھا۔
میڈیکل ٹیم نے عازم حج کا طبی معائنہ اور ای سی جی کیا اور اسے مکہ کلاک ٹاور کے لینڈنگ پیڈ سے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کیا۔
وزارت دفاع کی ہیلتھ سروسز اس سال حج کے دوران سعودی ہلال احمر اور محکمہ امن عامہ کے تعاون سے ایئرایمبولینس خدمات فراہم کرتی رہے گی۔
وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے’ آرمڈ فورسز کے ہیلی کاپٹر اور جیٹ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے تیار رہیں گے اور ان مریضوں کو ہسپتال منتقل کریں گے جنہیں مزید علاج کی ضرورت ہے‘۔
یہ طیارے جدید ترین ہنگامی طبی آلات اور آکسیجن مشین سے لیس ہیں تاکہ عازمین کی بہرترین ہیلتھ کیئر کویقینی بنایا جا سکے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل  وزارت دفاع  نے کہا تھا سال 2024 کے حج کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور وہ سکیورٹی سروسز اور سرکاری اداروں کے کام میں مدد کے لیے تیار ہے۔
عسکری، طبی اور دیگر اداروں سے افرادی قوت اور اضافی اہلکاروں کو مکہ مکرمہ، مشاعر مقدسہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کے لیے تعینات کی گیا ہے۔
یاد رہے اس سے قبل سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ اقدام حج 2024 کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

شیئر: