Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رفح میں شدید لڑائی، اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں تیزی

رفح کے میئر احمد الصوفی نے کہا کہ ’ لوگ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے اپنے خیموں کے اندر مر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فوج نے رفح اور غزہ کی پٹی کے دیگر علاقوں پر گولہ باری کی ہے اور ان کی حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رفح کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی رفح پر مکمل قبضے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
جمعے کو اسرائیلی فورسز کے ٹینک شہر کے مغربی اور شمالی حصوں میں زبردستی داخل ہو رہے تھے۔ اسرائیلی فوج  پہلے ہی شہر کے مشرق، جنوب اور مرکز پر قبضہ کر چکے ہیں۔
اسرائیلی افواج نے ساحلی علاقے پر طیاروں، ٹینکوں اور بحری جہازوں سے فائرنگ کی جس سے شہر سے نقل مکانی کی ایک نئی لہر شروع ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ رفح میں 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کو پناہ گزین ہیں جن میں سے زیادہ تر اب دوبارہ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جمعے کو کہا کہ اس کی افواج رفح کے علاقے میں ’انٹیلی جنس کی بنیاد پر‘ کارروائیاں کر رہی ہیں۔
رفح کے کچھ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں اسرائیلی حملوں میں تیزی آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھماکوں اور گولیوں کی آوازیں تقریباً نہ رکنے والی ہیں۔
غزہ کی جنگ کو آٹھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اسرائیل کی پیش قدمی اب ان دو آخری علاقوں غزہ کے جنوبی کنارے پر واقع رفح اور مرکز میں دیر البلاح کے آس پاس پر مرکوز ہے۔
رفح کے میئر احمد الصوفی نے جمعے کو حماس کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’تمام رفح شہر اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا نشانہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شہر ایک انسانی تباہی سے گزر رہا ہے اور لوگ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے اپنے خیموں کے اندر مر رہے ہیں۔‘
احمد الصوفی نے کہا کہ ’شہر میں کوئی طبی سہولت کام نہیں کر رہی اور باقی ماندہ رہائشیوں اور بے گھر خاندانوں کو خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔‘

رفح کے کچھ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں اسرائیلی حملوں میں تیزی آئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

فلسطینی حکام اور اقوام متحدہ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ شاید ایک لاکھ سے بھی کم لوگ شہر کے انتہائی مغربی حصے میں رہ گئے ہوں گے۔ مئی کے اوائل میں اسرائیلی حملے شروع ہونے سے قبل غزہ کے 23 لاکھ افراد میں سے نصف سے زیادہ رفح میں پناہ گزین تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حماس پر فلسطینی شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ حماس اس الزام کی تردید کرتی ہے۔
حماس کے مسلح ونگ نے جمعرات کو کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے رفح کے شبورا کیمپ میں ٹینک شکن راکٹوں سے دو اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا اور گلیوں سے بھاگنے کی کوشش کرنے والے فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
حماس کے اس دعوے پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ خان یونس میں جمعے کو اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہری اور اس کے بیٹے سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے کچھ مضافاتی علاقوں میں نئی کارروائیاں کی ہیں جہاں ان کی حماس کے عسکریت پسندوں سے لڑائی ہوئی۔ رہائشیوں نے بتایا کہ فوج نے جمعرات کو غزہ شہر کے وسط میں کئی گھروں کو تباہ کر دیا تھا۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ بعد ازاں جمعے کو غزہ شہر کی ایک مرکزی سڑک پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار فلسطینی ہلاک ہو گئے۔

شیئر: