Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں تیل و گیس کے سات نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان

وزیر توانائی نے نے سعودی قیادت کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی )
سعودی عرب نے پیر کو الشرقیہ ریجن اور ربع الخالی میں تیل اور قدرتی گیس کے سات نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’سعودی آرامکو نے دو غیر روایتی آئل فیلڈ، عرب لائٹ آئل ریزرو اور دو قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے الشرقیہ ریجن میں دو غیر روایتی آئل فیلڈز اور ایک ذخیرہ، جبکہ ربع الخالی میں قدرتی گیس کی دو فیلڈز اور دو ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
الشرقیہ ریجن میں ’لدام‘ غیر روایتی آئل فیلڈ اس وقت دریافت ہوئی جب لدام 2 کنویں میں 5100 بیرل یومیہ کی شرح سے لائٹ عریبیئن آئل بہہ رہا تھا جس کے ساتھ یومیہ تقریبا 4.9 ملین معیاری مکعب فٹ گیس بھی موجود تھی۔
اس طرح ’الفروق‘ غیر روایتی آئل فیلڈ اس وقت دریافت ہوئی جب عرب الٹرا لائٹ آئل الفروق 4 کنویں سے روزانہ 4557 بیرل کی شرح سے بہہ رہا تھا جس کے ساتھ یومیہ تقریبا 3.79 ملین معیاری مکعب فٹ گیس بھی موجود تھی۔
الشرقیہ ریجن میں ’مزالیج‘ فیلڈ میں ’عنیزہ بی / سی‘ ریزروائر دریافت کیا گیا تھا جب عرب لائٹ آئل مزالیج -62 کنویں سے یومیہ 1780 بیرل کی شرح سے بہہ رہا تھا جس کے ساتھ تقریبا یومیہ 0.7 ملین معیاری مکعب فٹ گیس تھی۔
الجھق کے کنویں میں ’العرب-سی‘ ذخیرے سے روزانہ 5.3 ملین معیاری مکعب فٹ کی شرح سے قدرتی گیس کے بہاؤ کے بعد ربع الخالی میں ’الجھق‘ فیلڈ دریافت ہوئی اور اسی کنویں میں ’العرب-ڈی‘ ذخیرے سے 1.1 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ کی شرح سے گیس کا بہاؤ ہوا۔
الکتوف فیلڈ ربع الخالی میں اس وقت دریافت ہوئی جب قدرتی گیس 7.6 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ کی شرح سے الکتوف-1 کنویں میں بہہ رہی تھی۔
سعودی وزیر توانائی نے تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت کو اس کامیابی پر مبارک باد دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا تھا کہ ’الجافورہ گیس فیلڈ پروجیکٹ یومیہ تقریباً 20 لاکھ کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گا۔‘
 ’مملکت میں گیس کی پیداوار میں 2030 تک 63 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ پیداوار 13.5 بلین کیوبک فٹ یومیہ سے بڑھ کر 21.3 بلین کیوبک فٹ ہو جائے گی۔‘
سعودی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ’گیس فیلڈ کی کل پیداوار اور گیس پائپ نیٹ ورک میں توسیع سعودی جی ڈی پی میں سالانہ تقریبا 20 بلین ڈالر کا حصہ ہو گا۔‘

شیئر: