Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسانی حقوق کی خلاف وزی کرنے والے اسرائیلی حکام پر پابندی عائد کی جائے: سعودی وزیر خارجہ

اجلاس میں سعودی وزیرخارجہ نے غزہ متاثرین کی فوری امداد پرزوردیا (فوٹو،ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ پٹی کی صورتحال کے اثرات محض مسئلہ فلسطین پرہی   نہیں پڑیں گے بلکہ اس سے پورا خطہ متاثر ہوسکتا ہے جو کشیدگی اور تناو میں اضافے کا باعث ہے‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان میڈرڈ خارجہ  یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس جس کا عنوان ’وارز اینڈ شیڈو وارز ، مشرق وسطی میں  یورپ کے آپشنز؟‘ تھا  کے ایک سیشن خطاب کررہے تھے۔
اجلاس میں غزہ پٹی کی اندوہناک صورتحال پر بحث کرتے ہوئے عالمی سطح پر فوری جنگ بندی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔  انسانی بنیادوں پر غزہ پٹی کے متاثرین تک فوری اور مستقل بنیادوں پر امداد کی ترسیل کو یقینی بنانے پرزوردیاگیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں مزید کہا ’ غزہ پٹی میں بڑھتے ہوئے بحران کے باعث اس وقت جو کچھ جنوبی لبنان میں رونما ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے مزید کہا عالمی برادری کی اکثریت اس بات سے متفق ہے کہ فلسطین ، اسرائیل تنازعہ کا مستقل اور منصفانہ حل دو ریاستی فارمولا ہے ، مگر مسئلے کو حل کی طرف بڑھنے کے بجائے اس حوالے سے خاموشی اختیار کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت یورپی ممالک جن میں اسپین بھی شامل ہے کی جانب سے امن کی حمایت اور دو ریاستی فارمولے کی جانب بڑھنے کے لیے جو کچھ کیا جارہا ہے وہ بے حد اہم ہے ۔

فلسطینی بحثیت قوم  آزاد اور خود مختار ہیں (فوٹو، ایس پی اے)

بن فرحان نے مزید کہا ان حالات میں کم ازکم یورپی ممالک جو کرسکتے ہیں وہ یہ کہ اسرائیل کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہ کرنے کی مذمت کریں علاوہ ازیں انسانی حقوق کی خلاف وزی کرنے والے اہلکاروں پر پابندی عائد کی جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہے وہ بحثیت قوم ایک آزاد و خودمختار اور عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ ریاست ہیں ۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے یمن کی صورتحال پر بھی اجلاس میں روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے وہاں سیاسی مذاکرات کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔

شیئر: