Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافر نے ٹوائلٹ سمجھ کر طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا

طیارے کا ہنگامی دروازہ کھلنے کی صورت میں ایئرلائن کو 28 ہزار ڈالر تک کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے (فوٹو: شٹرسٹاک)
چین میں پہلی مرتبہ فضائی سفر کرنے والی مسافر نے ٹوائلٹ کی تلاش میں غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا۔ 
یہ واقعہ 4 جولائی کو پیش آیا جب ایئر چائنا کی پرواز CA2754 چین کے مشرقی شہر کوزو سے چینگڈو کے لیے اڑان بھرنے والی تھی۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق خاتون مسافر نےٹوائلٹ کی جگہ غلطی سے ہنگامی دروازہ کھول دیا تھا جس کے بعد ایمرجنسی میں مسافروں کے انخلا کے لیے بنائی گئی سلائیڈ طیارے سے باہر آگئی۔ 
اس صورتحال کے نتیجے میں طیارے کو خالی کرنا پڑا اور مسافروں کو نیچے اتار کر پرواز منسوخ کردی گئی، جبکہ متاثرہ مسافروں کو ایک ہوٹل میں منتقل کرکے ایئرلائن کی جانب سے ہر ایک مسافر کو 400 یوآن (55 امریکی ڈالر) کا معاوضہ دیا گیا۔
مسافر خاتون، جنہوں نے غلطی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھولا تھا، کو بھی ہوٹل منتقل کیا گیا جہاں پولیس نے ان سے تفتیش کی۔ 
طیارے میں سفر کرنے والے چینگ نامی ایک مسافر نے ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کو بتایا کہ خاتون نے انتہائی خاموشی سے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا تھا۔ 
چینگ نے کہا ’دروازہ کھلنے کے بعد سلائیڈ باہر آئی تو طیارے کا عملہ حیران رہ گیا، اور یہ دیکھتے ہی خاتون مسافر رونے لگیں کہ انہیں اب اس کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔‘ 
واضح رہے کہ طیاروں کے ہنگامی دروازے آسانی سے کھلنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جلد سے جلد مسافروں کا انخلا ممکن بنایا جا سکے۔ 
ہنگامی دروازے کو آسانی سے کھول پانا اس ہی صورت ممکن ہوتا ہے جب طیارہ فضا میں نہیں ہوتا، عام طور پر مسافروں کو پرواز سے قبل ان دروازوں سے دور رہنے کی خصوصی ہدایات بھی کی جاتی ہیں۔ 
ایمرجنسی دروازہ کھلنے پر مالی نقصان کا اندازہ لگایا جائے تو طیاروں کے مختلف ماڈلز کے مطابق ایک ایمرجنسی دروازہ ایکٹیویٹ ہونے کی صورت میں ایئرلائن کو ایک سے دو لاکھ چائنیز یوآن (28 ہزار ڈالر) کا نقصان ہوتا ہے۔ 

شیئر: