المواسی کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 71 فلسطینی ہلاک
ہفتہ 13 جولائی 2024 15:10
کویت کے فیلڈ ہسپتال کے سربراہ صهيب الهمص نے اس حملے کو ’حقیقی قتل عام‘ قرار دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سنیچر کو المواسی کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 71 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خان یونس شہر کے قریب المواسی کو اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے دیگر علاقوں کے شہریوں کو انخلا کا حکم دینے کے بعد محفوظ علاقوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔
وزارت صحت نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابض (اسرائیل) کی جانب سے ’ظالمانہ قتل عام‘ قرار دیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’71 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کم از کم 289 زخمی ہیں جبکہ مزید متاثرین کی تلاش ابھی باقی ہے۔‘
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ بمباری کا جائزہ لے رہی ہے۔
بڑی تعداد میں ایمبولینسز زخمیوں کو خان یونس کے ناصر ہسپتال، رفح میں کویتی فیلڈ ہسپتال اور دیگر قریبی کلینکس لے کر گئیں۔
غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی کے مطابق شیلنگ کی وجہ سے ان کی ٹیمیں اس خیموں کے شہر میں متاثرین تک نہیں پہنچ سکیں جہاں ہزاروں لوگوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل کا کہنا تھا کہ ’ابھی بھی بہت سے شہدا کی لاشیں گلیوں میں، ملبے کے نیچے اور بے گھر ہونے والوں کے خیموں کے آس پاس بکھری پڑی ہیں جن تک قابض (اسرائیلی فوج) کی شدید گولہ باری کی وجہ سے نہیں پہنچا جا سکتا جس نے المواسی میں مخلتف مقامات اور خیموں کو نشانہ بنایا۔‘
اقوام متحدہ کی فلسطینی امداد کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے تخمینے کے مطابق پورے المواسی ضلعے میں 15 لاکھ تک لوگ ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب کویت کے فیلڈ ہسپتال کے سربراہ صهيب الهمص نے اس حملے کو ’حقیقی قتل عام‘ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’زخمیوں کے بیرونی اور اندرونی اعضا پر شدید زخم آئے ہیں۔‘
صهيب الهمص نے مزید کہا کہ ’نظام صحت کے خاتمے کے درمیان اب ایک حقیقی تباہی ہو رہی ہے۔‘
غزہ میں جنگ کا آغاز گذشتہ برس سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد ہوا۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق حماس کے اس حملے میں 1195 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔ حماس نے 251 افراد کو یرغمال بھی بنایا جن میں سے 116 غزہ میں ہیں۔ جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق ان میں سے 42 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کے جوابی حملے میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 38 ہزار 345 فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔