بجلی کی تعطلی پر فی صارف 2 ہزار ریال کی ادائیگی
6 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند رہنے پر 200 ریال ادا کیے جاتے ہیں(فوٹو ، ایکس)
سعودی بجلی کمپنی کی جانب سے شرورہ کمشنری کے متاثرین کو 2 ہزارریال فی میٹر کے حساب سے ہرجانہ ادا کردیا گیا۔ الیکٹریک کمپنی نے متاثرہ صارفین کے اکاونٹ میں 2 ہزار ریال منتقل کردیئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق بجلی کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے کے مطابق بجلی کے انقطاع سے متاثر ہونے والے صارفین کو ہرجانے کے طورپر مقررہ رقم آئندہ 10 دنوں میں ادا کردی جائے گی ۔
بجلی کمپنی کی جانب سے شرورہ کمشنری کے متاثرہ صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ جمعہ کے روز بجلی کی فراہمی میں فنی بنیادوں پرتعطل ہو گیا تھا جس کی وجہ صارفین کو پیش آنے والی مشکل صورتحال پر معذرت خواہ ہیں ۔
واضح رہے اتھارٹی کے ضوابط کے مطابق بجلی کے انقطاع کی صورت میں کمپنی پرلازم ہے کہ وہ فوری طورپر بجلی کی بحالی کے لیے کام کرے اگر بجلی کی فراہمی میں 6 گھنٹے سے زیادہ وقت تک تاخیر ہوتی ہے تو اس صورت میں کمپنی صارف کو 200 ریال ادا کرنے کی پابند ہو گی ۔ اگر بجلی کی بحالی میں مزید تاخیر ہوتی ہے تو ہر اضافہ گھنٹے پرکمپنی 50 ریال مزید ادا کرے گی۔