ایک ہفتے میں 19 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین گرفتار
ہفتہ 20 جولائی 2024 20:43
غیرقانونی تارکین کے 9 سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں گزشتہ ایک ہفتے کے اندر 19 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو حراست میں لے کر انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہفتہ واری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے مملکت کے مختلف ریجنز اور شہروں سے 19 ہزار 800 غیرقانونی تارکین کو حراست میں لیا۔
گرفتار کیے جانے والے غیرملکیوں میں 12 ہزار 400 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 4 ہزار 800 کو سرحدی قوانین اور 2500 کو محنت قوانین کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا۔
سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 45 فیصد یمنی ، 53 فیصد ایتھویپی اور 2 فیصد دیگر قومیتوں کے افراد شامل تھے۔
مملکت کی سرحد غیرقانونی طورپر عبورکرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے پر48 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیرقانونی افراد کو نقل وحمل اور روزگار کی سہولت فراہم کرنے پر 9 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 17 ہزار غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کی کارروائی مکمل کر لی جن میں سے 15 ہزار مرد اور باقی خواتین شامل ہیں۔ 4 ہزار 200 غیرقانونی تارکین کے کیسز ان کے ملکوں کے سفارتخانوں کو ارسال کیے گئے ہیں تاکہ ان کی سفری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد انہیں روانہ کیا جاسکے۔