Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا آج ’ملک گیر‘ احتجاج اور جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنا

تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج ملک بھر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے جبکہ جماعت اسلامی بھی بڑھتی مہنگائی اور بجلی کی نرخوں میں اضافے کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دے گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اور ملک کے دیگر شہروں میں انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کا کرتے ہوئے ہر قسم کے احتجاج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتیں بھی شامل ہوں گی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ آج کے احتجاج کو سب مل کر کامیاب بنائیں۔ کارکنان پُرامن احتجاج کریں جیسا کہ ہمارے احتجاج ہمیشہ پُرامن رہے ہیں۔‘
پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ہائیکورٹ سے اجازت ملنے کی صورت میں پاکستان تحریک انصاف جمعے کی نماز کے بعد نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار سے تحریک تحفظ آئین پاکستان آج شام پانچ بجے احتجاجی ریلی نکالے گی جس کی قیادت پشتونخوا میپ کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کریں گے۔

اگست 2023 میں بھی جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ (فوٹو: اےا یف پی) 

جماعت اسلامی کا دھرنا
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج 26 جولائی کو اسلام آباد میں میں 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ’بجلی کے بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور عوام اپنی چیزیں اور زیورات بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینر پہنچا دیے گئے
اسلام آباد میں جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل سیل جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینر پہنچا دیے ہیں جن کو کسی وقت بھی بند کیا جا سکتا ہے۔
اس بارے میں اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کے  پیش نظر دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت کسی مظاہرے یا دھرنے کی اجازت نہیں ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتیں بھی شامل ہوں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پنجاب میں بھی دفعہ 144 نافذ
پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے بعد پنجاب میں تین دن تک دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔

شیئر: