ہیروئن فروشی کے الزام میں عورت سمیت 2 غیرملکی گرفتار
ہفتہ 27 جولائی 2024 20:12
تینوں ملزمان کے قبضے سے 2.4 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی (فوٹو: ایس پی اے)
محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے جدہ میں ایک عورت سمیت دو مردوں کو ہیروئن فروخت کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کی ٹیموں نے دو سوڈانی شہری جو اقامہ پر مملکت میں مقیم تھے کے علاوہ جمہوریہ چاڈ سے تعلق رکھنے والی ایک عورت کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2.4 کلو گرام نشہ آور پاوڈر ہیروئن برآمد کی ۔
اینٹی نارکوٹک کے تفتیشی اہلکاروں نے تینوں ملزمان کا اقبالی بیان لے کر انکا کیس کرمنل کورٹ میں پیش کردیا ہے جہاں مقدمے کے بعد انکے خلاف فیصلہ صادر کیا جائے گا۔
واضح رہے مملکت میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم جاری ہے اس حوالے سے محکمہ انسداد منشیات کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مملکت میں رہنے والے غیرملکی بھی منشیات فروشوں کے خلاف مہم میں حصہ لیں اگر کسی کو منشیات فروشوں کے بارے میں مصدقہ معلومات ہوں تو وہ مکمل راز داری کی شرط پر ادارے کے ٹول فری نمبر995 پرمطلع کر سکتا ہے۔