کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف مکس 10 میٹر ایئر پسٹل کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوئے (فوٹو: سکرین گریب سوشل میڈیا)
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس کے عالمی مقابلے جاری ہیں جہاں دنیا بھر سے ہزاروں ایتھلیٹس تمغے اپنے نام کرنے لیے قسمت آزما رہے ہیں۔
تاہم دو اگست جمعے کو ہونے والے 25 میٹر ویمن شوٹنگ میں پاکستان کی جانب سے کشمالہ طلعت شرکت کریں گی جبکہ اسی راؤنڈ میں روایتی حریف انڈیا کی جانب سے منو بھاکر اور عیشا سنگھ حصہ لیں گی۔
شوٹر کشمالہ طلعت 25 میٹر پسٹل کے مقابلوں میں ایکشن میں نظر آئیں گی جبکہ یہ مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کو دن 12 بجے شروع ہوں گے۔
سٹارٹ لسٹ کے مطابق کشمالہ طلعت ریپڈ پسٹل کی ریلے ٹو میں اپنے نشانے لگائیں گی تاہم ان کا پریسیشن راؤنڈ ڈیڑھ بجے اور ریپڈ فائر راؤنڈ شام سوا چار بجے شروع ہو گا۔
25 میٹر پسٹل مقابلوں میں دو انڈین شوٹرز سمیت دنیا بھر سے 40 شوٹرز شریک ہیں جبکہ ٹاپ 8 فائنل کھیلیں گے۔
ایونٹ میں اب تک انڈیا تین کانسی کے تمغے جیت چکا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے تاحال کوئی تمغہ نہیں جیتا گیا۔
اس سے قبل کشمالہ طلعت 29 جولائی کو ہونے والے مکس 10 میٹر ایئر پسٹل کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئیں تھیں۔
کشمالہ طلعت
21 سالہ کشمالہ طلعت کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے اور وہ پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل اور 25 میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
کشمالہ طلعت پاکستان کی تین رکنی شوٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں اور رواں برس ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں سلور میڈل جیت کر انہوں نے اولمپکس میں رسائی حاصل کی تھی۔
کشمالہ طلعت نے گزشتہ برس ایشین چیمپین شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ جبکہ اس سے قبل کشمالہ طلعت نے پہلی مرتبہ سنہ 2019 میں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
اس سے قبل کشمالہ پیرس اولمپکس 2024 میں 29 جولائی کو ہونے والے مکس 10 میٹر ایئر پسٹل کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئیں تھیں جبکہ ان میں کشمالہ کے ٹیم میٹ گلفام یوسف تھے۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والی شوٹرز کی اس ٹیم نے 17 ٹیموں میں سے 14 ویں پوزیشن حاصل کی تھی اور دونوں شوٹرز 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔
منو بھاکر
انڈیا کی جانب سے اولمپکس کے ایک ہی سیزن میں دو میڈلز جیتنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرنے والی منو بھاکر کی عمر 22 سال ہے۔
منو بھاکر 18 فروری 2002 کو انڈین ریاست ہریانہ کے شہر جھاجر میں پیدا ہوئیں جبکہ وہ انڈیا کی نمائندگی کرنے والے ٹاپ کے شوٹرز میں سے ایک ہیں۔
منو بھاکر نے اپنے انٹرنیشنل کرئیر کا آغاز 2017 میں کیا اور جلد ہی اپنی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے دنیائے شوٹنگ میں نمایاں پوزیشن بنا لی۔
منو بھاکر یوتھ اولمپکس 2018 کے 10 میٹر شوٹنگ مقابے میں سونے کا تمغہ جیت کر یہ کارنامہ سرانجام دینے والی پہلی انڈین ویمن شوٹر بنی تھی۔
انٹرنیشنل شوٹنگ سپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) ورلڈ کپ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز 2018 جاکارتا سمیت دوسرے کئی ایونٹس میں کئی میڈلز جیت چکی ہیں۔
منو بھاکر نے پیرس اولمپکس کے جاری سیزن میں خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ منگل کو 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں منو بھاکر نے سربجوت سنگھ کے ہمراہ جنوبی کوریا کی ونہو لی اور جن یی اوہ کو 16-10 سے ہرا کر انڈیا کے لیے دوسرا تمغہ جیتا تھا۔