دس ریجنوں میں موسلادھار بارش کا امکان
’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مشرقی ریجن، عسیر، جازان، باحہ، نجران اور دیگر میں بارش کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ موسمیات نے آج پیر کو 10 ریجنوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مشرقی ریجن، عسیر، جازان، باحہ، نجران، شمالی حدود، الجوف اور تبوک میں بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہاہے کہ ’مکہ مکرمہ میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ القنفذہ، اللیث، الجموم، بحرہ اور طائف میں گرج چمک بھی ہوگی‘۔
’مذکورہ شہروں کے علاوہ قرب جوار میں بھی یہ کیفیت رات 11 بجے تک رہے گی‘۔
مدینہ منورہ کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ المہد، العیص، وادی الفرع اور ینبع میں غیر یقینی موسمی صورتحال رات 9 بجے تک ہوگی‘۔
محکمے نے کہاہے کہ ’بحیرہ احمر میں شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 10 سے 30 کلو میٹر ہوگی جس کے باعث ایک میٹر بلند موجیں اٹھیں گی‘۔
’جبکہ خلیج عربی مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 15 سے 40 کلو میٹر ہوگی جبکہ دو میٹر تک بلند موجیں اٹھیں گی‘۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے موسمی صورتحال سے متاثر ہونے والے شہروں کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پر خطر مقامات سے دور رہیں۔