Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی مہمان نوازی ناقابل فراموش ہے، سویڈش سیاح

کیمپنگ کے شوقین موٹرسائیکلسٹ کے لیے مملکت کا منظر نامہ خوبصورت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سویڈن کی خاتون موٹرسائیکلسٹ کرسٹینا لنڈسٹروم نے مملکت کا تنہا سفر کرنے کے بعد سعودیوں کی ’مہمان نوازی اور اعلی اخلاق‘ کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سویڈش سیاح کا کہنا ہے ’ سعودی عرب خاص طور پر سیاحت کے لیے خوب صورت ملک ہے، یہاں بسنے والے مختلف ممالک کے لوگوں، ثقافتوں اور حسین نظاروں سے بے حد لطف اندوز ہوئی ہوں۔
سویڈش سیاح کی سواری 2005 ماڈل ہونڈا 650 ٹرانسلپ دنیا بھر کا سفر کرنے کے لیے ایک بہت ہی قابل بھروسہ انجن والی موٹرسائیکل ہے اور ضرورت کے وقت دنیا  کے کسی بھی ملک سے اس موٹرسائیکل کے سپیئر پارٹس آسانی سے مل سکتے ہیں۔
سعودی عرب کے سفر کے دوران کرسٹینا لنڈسٹروم نے جنوب مغربی ریجن تبوک، ینبع، جدہ، طائف، ابہا، بریدہ، حائل، وادی الدیسہ کے خوب صورت علاقوں کا دورہ کیا۔
متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے سے قبل سویڈش سیاح لنڈسٹروم ریاض اور الحفوف کے علاقے دیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
امارات کا دورہ کرنے کے بعد لنڈسٹروم سمندری راستے سے جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندر عباس پھر پاکستان، انڈیا اور نیپال جائیں گی۔
سویڈش سیاح نے بتایا کہ دو پہیوں کی سواری مجھے بچپن سے ہی پسند ہے جو مجھے آزادی کا احساس دلاتی ہے۔
بائیک کی سواری مجھے ذہنی طور پر چست رکھتی ہے، مختلف مسائل اور پریشانیوں کو میرے خیالات سے بھگا دیتی ہے۔

خاتون بائکر کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقامی افراد کی ملنساری میرے لیے یادگار لمحات ہیں۔ فوٹو گیٹی امیجز

سویڈش خاتون نے بتایا کہ 2016 میں ویت نام کے دورے کے دوران ویت نام اور کمبوڈیا دیکھنے کے لیے میں نے ایک سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل خریدنے کا ارادہ کیا اور زندگی میں ایک بار موٹرسائیکل پر دنیا کی سیر کا فیصلہ کیا، اس کے بعد پانچ سال تک خوب محنت کی اور سفری اخراجات کے لیے بچت کی۔
کرسٹینا لنڈسٹروم مملکت آنے سے قبل موٹرسائیکل پر پولینڈ، سلوواکیہ، ہنگری، رومانیہ، بلغاریہ، ترکی، عراق کا سفر کر چکی ہیں جس میں اب سعودی عرب بھی شامل ہو گیا ہے۔

سویڈش سیاح کے مطابق سفر کے دوران اونٹنی کے دودھ کی پیش کش خوب صورت تجربہ تھا۔ فوٹو انسٹاگرام

سویڈش سیاح  نے بتایا کہ مملکت کے قدرتی نظاروں نے انہیں یہاں کی سیاحت پر راغب کیا۔
سعودی عرب کا منظر نامہ ناقابل یقین حد تک خوبصورت ہے اور موٹرسائیکل اور کیمپنگ کے شوقین حضرات کے لیے الباحہ اور ابہا کی پہاڑیاں جنت نظیر ہیں۔
اس علاقے کے قدرتی مناظرکے بیچ بل کھاتی سڑکوں کےعلاوہ وادی الدیسہ اور العلا کی دلکشی کیمپنگ کے لیے خوب صورت مقامات ہیں۔

سویڈش سیاح ریاض اور الحفوف  کے علاقے دیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

مملکت کے صحرائی علاقے میں سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ راستہ بھٹک جانے پر تھوڑی پریشان ہوئی، تاہم اچانک دو مقامی نوجوان ملے جنہوں نے انتہائی خلوص اور مسکراہٹوں کے ساتھ رہنمائی کی، یہ ایک سادہ عمل ہے لیکن ان کی ملنساری میرے لیے یادگار لمحہ ہے۔
سعودی عرب میں سفر کے دوران متعدد بار لوگوں کی جانب سے لامحدود گرم جوشی دیکھنے کو ملی، خاص طور پر اونٹنی کے دودھ کی پیش کش ایک خوب صورت تجربہ تھا جس پر میں بہت مشکور ہوں۔
 

شیئر: