Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمن ایئرلائن لفتھانسا کی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع

خطے میں کشیدگی کے باعث معطلی کی تاریخ بڑھا کر 21 اگست کی جا رہی ہے۔ فوٹو شٹرسٹاک
جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانسا نے پیر کو کہا ہے کہ  تل ابیب، تہران، بیروت، عمان اور اربیل کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع کی جا رہی ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ایئرلائن نے پیر کو کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پروازوں کی معطلی کی تاریخ 13 اگست سے بڑھا کر 21 اگست کیا جا رہا ہے۔
جرمن ایئرلائن  نے فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے متاثر مسافروں کی پریشانی اور تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر اپنی بکنگ منسوخ یا اس میں تبدیلی کرا سکتے ہیں جس پر کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔
دوسری جانب ایئر فرانس اور اس کی ذیلی کمپنی ٹرانساویا فرانس نے بھی لبان کے ساحلی شہر بیروت کے لیے اپنی پروازوں کی معطلی میں بدھ 14 اگست تک توسیع کر دی ہے۔
ایئر فرانس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 29 جولائی سے ہماری پروازیں معطل ہیں اور یہ معطلی خطے کی تازہ صورتحال کے نئے جائزے سے مشروط ہے۔
ایئر فرانس اسرائیلی شہر تل ابیب ایئرپورٹ کے لیے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ دیگر ایئر لائنز نے حال ہی میں خطے میں اپنی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔

مسافر بغیراضافی فیس بکنگ منسوخ یا تبدیل کرا سکتے ہیں۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ایران اور اس کے اتحادیوں نے لبنان میں حزب اللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر فواد شکر اور حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں گزشتہ ماہ کے آخر میں ہونے والی ہلاکتوں کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں نے اسرائیل پر الزام لگایا جس کے باعث خطے میں کشیدگی کی صورتحال برقرار ہے۔

شیئر: