Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں گرد و غبار کا طوفان، جمعرات تک موسم غیر یقینی

’ہائی وے کے مسافروں کو گرد وغبار کے دوران سفر روکنے کی ہدایت کی گئی‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ شہر اور قرب وجوار میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گرد وغبار کا طوفان رہا جس کے باعث حد نگاہ محدود ہوگئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرد و غبار کا طوفان رات بھر رہا تاہم صبح ہوتے ہی اس کی شدت کم ہوگئی۔
اس اثنا میں تیز ہوا چلتی رہی جس کے باعث بحیرہ احمر میں اونچی موجیں اٹھتی رہیں جبکہ محکمہ صحت کے علاوہ ہلال احمر نے سانس کے مریضوں کو بچوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی۔
ادھر روڈ سیکیورٹی فورس نے ہائی وے کے مسافروں کو گرد وغبار کے طوفان کے دوران سفر روکنے کی ہدایت کی ہے۔
فورس نے کہا ہے کہ ’حد نگاہ انتہائی متاثر ہونے کے باعث ڈرائیونگ جاری رکھنا خطرناک ہے لہذا مسافروں کو چاہئے کہ وہ ہائی وے پر واقع سٹیشنوں میں گاڑی کھڑی کردیں‘۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’جدہ سمیت مکہ مکرمہ ریجن کے دیگر شہروں میں جمعرات تک موسم غیر یقینی رہے گا‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، نجران، جازان، عسیر، باحہ اور حائل میں تیز ہوا کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض اور مشرقی ریجن میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا ‘۔
 

شیئر: