وزیراعظم شہباز شریف سے عرب مانیٹری فنڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر فہد کی ملاقات
جمعرات 22 اگست 2024 15:15
خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے جو کہ ایک بڑا زرِمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ فوٹو: پی ایم آفس
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے عرب مانیٹری فنڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر فہد الترکی نے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو ملاقات کے بعد وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرِمبادلہ کو قانونی طریقے سے ملک میں لانے کے حوالے سے حکومت پاکستان اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ’ملک میں ای کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے جو کہ ایک بڑا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بونا اور راست کے تعاون سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ استوار ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔ ’بونا-راست کنیکٹیویٹی پراجیکٹ ملک میں ڈیجیٹل لین دین کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اہم اقدام ملک میں ترسیلات زر کے بہاؤ کو باضابطہ بنائے گا اور ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو بہتر بنائے گا۔ ’بونا -راست کی بدولت اس زرمبادلہ کو آسان اور سستے طریقے سے پاکستان بھیجا جا سکے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ بونا-راست ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے۔
عرب مانیٹری فنڈ کے چیئر پرسن ڈاکٹر فہد نے کہا کہ پاکستان عرب دنیا سے باہر عرب مانیٹری فنڈ کے منصوبے بونا سے منسلک ہونے والا پہلا ملک ہے۔ ’بونا-راست کی بدولت دونوں اطراف کی معیشت باہمی تعاون اور اعتماد کے ساتھ ترقی کریں گی۔‘